ٹی 20 ورلڈ کپ: پاکستان کے 200 رنز کے تعاقب میں نمیبیا کی ٹیم مشکلات کا شکار

آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں گروپ اے کے آخری میچ میں پاکستان کے 200 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نمیبیا کی بیٹنگ جاری ہے اور ٹیم مشکلات کا شکار ہے۔ اس وقت نمیبیا نے 9 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 58 رنز بنالیے ہیں۔

بدھ کو کولمبو کھیلے جارہے ٹی 20 ورلڈ کپ کے اہم میچ نمیبیا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے صاحبزادہ فرحان کی شاندار سنچری کی بدولیت مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے۔

پاکستان کی بیٹنگ

پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب نے اننگز کا آغاز کیا اور دونوں بیٹرز ابتدا میں تھوڑی پریشانی کا شکار دکھائی دیے، پاکستان کی پہلی وکٹ 40 رنز پر گری جب صائم ایوب 14 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

صائم کے آؤٹ ہونے کے بعد سلمان علی آغا کریز پر آئے اور صاحبزاد کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالا اور دونوں کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے 67 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ جس کے بعد ٹیم کا اسکور 107 تک پہنچا تو سلمان علی آؤٹ 2 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 38 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان کو تیسرا نقصان بھی جلد ہی 118 کے مجموعی اسکور پر اٹھانا پڑا جب خواجہ نافع صرف 5 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد شاداب خان نے صاحبزادہ فرحان کے ساتھ مل کر اننگز کو آگے بڑھایا اور دونوں بلے بازوں نے میدان کے چاروں طرف شاندار شاٹس لگائے۔ شاداب اور فرحان نے چوتھی وکٹ کے لیے 81 رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور لگ بھگ 200 تک پہنچایا۔

اوپننگ بیٹر صاحبزادہ فرحان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری اسکور کی اور ناٹ آؤٹ رہے۔ انہوں نے 57 گیندوں پر 4 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے سنچری مکمل کی۔

یہ صاحبزادہ فرحان کی پہلی ٹی 20 انٹرنیشنل سنچری ہے اور اس کے ساتھ ہی وہ احمد شہزاد کے بعد ٹی 20 ورلڈ کپ میں سنچری بنانے والے دوسرے پاکستانی بلے باز بھی بن گئے ہیں۔ اس کے علاوہ شاداب خان بھی 22 گیندوں پر 36 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

نمیبیا کی جانب سے جیک بریسل نے 2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ گرہارڈ ارسمس کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

یوں پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے اور نمیبیا کو جیت کے لئے 200 رنز کا ہدف دیا۔

میچ کا ٹاس

کولمبو کے سنہالیز اسپورٹس کلب میں کھیلے جارہے ٹی 20 ورلڈ کپ کے 35 ویں میچ میں پاکستان ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ ہمارے اوپر کوئی پریشر نہیں، ہم میچ کے لیے تیار ہیں، ہم نے یو ایس اے کے خلاف اچھا کھیلا۔

میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں، فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اور اسپنر ابرار احمد کو ٹیم سے ڈراپ کرکے ان کی جگہ خواجہ نافع اور سلمان مرزا کو شامل کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان کے لیے یہ میچ اس لیے بھی فیصلہ کن بن گیا ہے کیوں کہ 15 فروری کو بھارت کے خلاف 61 رنز کی شکست نے پوائنٹس ٹیبل کی صورت حال پیچیدہ کر دی تھی۔ اس وقت پاکستان تین میچز میں دو فتوحات اور ایک شکست کے ساتھ گروپ اے میں تیسرے نمبر پر ہے اور اس کا نیٹ رن ریٹ منفی 0.403 ہے جو امریکا سے بھی کم ہے۔

اگر آج کا میچ بارش کی نذر ہو جاتا ہے تو دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ ملے گا۔ ایسی صورت میں پاکستان کے پانچ پوائنٹس ہو جائیں گے اور وہ سپر ایٹ مرحلے میں جگہ بنا لے گا تاہم اگر نمیبیا کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست ہوئی تو امریکا چار پوائنٹس اور بہتر نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر اگلے مرحلے میں پہنچ سکتا ہے۔

میچ کے میزبان شہر کولمبو میں بارش کا واضح امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ موسمیاتی پیش گوئی کے مطابق میچ کے روز 50 سے 60 فیصد بارش کا امکان ہے، موسم ابر آلود رہنے کی توقع ہے اور تقریباً 19 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں، جس سے میچ متاثر ہونے کا خدشہ موجود ہے۔

قومی ٹیم نے ٹورنامنٹ کا آغاز 7 فروری کو نیدرلینڈز کے خلاف تین وکٹوں کی سنسنی خیز فتح سے کیا تھا۔ اس میچ میں نیدرلینڈز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 147 رنز بنائے تھے، جس کے جواب میں پاکستان نے ہدف سات وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا تھا۔

بعد ازاں 10 فروری کو پاکستان نے امریکا کو 32 رنز سے شکست دی تھی۔ اس میچ میں پاکستان نے 190 رنز بنائے تھے جبکہ امریکا کی ٹیم 158 رنز تک محدود رہی۔

آج کا مقابلہ نہ صرف پاکستان کے لیے بلکہ گروپ اے کی مجموعی صورتحال کے لیے بھی اہم ہے۔ شائقین کی نظریں میچ کے نتیجے اور موسم کی صورتحال پر مرکوز ہیں، کیونکہ دونوں عوامل اگلے مرحلے کی تصویر واضح کریں گے۔

Similar Posts