کرکٹ کے میدان میں ایک دلچسپ لمحہ اس وقت دیکھنے میں آیا جب پاکستان کے اسٹار فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی نے 38 سالہ اسپنر آصف آفریدی کو ان کی پہلی ٹیسٹ کیپ پیش کی۔ آصف آفریدی جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں ڈیبیو کرنے والے پاکستانی تاریخ کے تیسرے سب سے عمر رسیدہ کرکٹر بن گئے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں شاہین آفریدی کو آصف آفریدی کے ساتھ اپنی بچپن کی یادیں شیئر کرتے ہوئے دیکھا گیا۔
شاہین آفریدی نے کہا، ”آصف بھائی جب اپنی جوانی میں تھے تو میں اپنے بھائی کے ساتھ گراؤنڈ میں جاکر ان کے میچز دیکھتا تھا، اس وقت بڑا مزہ آتا تھا۔ آصف بھائی بڑے محنتی ہیں اور انہوں نے ڈومیسٹک کرکٹ میں ہار نہیں مانی، یہ کھیلتے رہے اور ہر جگہ پر انہوں نے پرفارمنس دی، نیشنل ٹی ٹوئنٹی اور پی ایس ایل میں مسلسل پرفارم کرتے رہے۔ آپ اس پاکستان کیپ کے واقعی حقدار ہیں۔ بہت بہت مبارک ہو۔“
شاہین کے یہ جملے سنتے ہی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں نے تالیاں بجا کر آصف آفریدی کو داد دی۔ ایک نوجوان اسٹار کی جانب سے اپنے سینئر ہیرو کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے اس منظر نے سب کے چہروں پر مسکراہٹ پھیلا دی۔
شائقینِ کرکٹ نے سوشل میڈیا پر اس موقع کو “حقیقی آفریدی لمحہ” قرار دیا، کیونکہ ایک آفریدی نے دوسرے آفریدی کو عزت اور جذبے کے ساتھ نئی شروعات کا تحفہ دیا۔
آصف آفریدی کون ہیں؟
پشاور سے تعلق رکھنے والے آصف آفریدی نے 57 فرسٹ کلاس میچز میں 198 وکٹیں حاصل کیں۔ حالیہ حنیف محمد ٹرافی میں وہ صرف پانچ میچز میں 33 وکٹوں کے ساتھ ٹورنامنٹ کے ٹاپ بالر رہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ آصف آفریدی نے 38 سال اور 299 دن کی عمر میں ٹیسٹ ڈیبیو کیا اور یوں وہ پاکستان کے تیسرے سب سے عمر رسیدہ ڈیبیو کرنے والے کھلاڑی بن گئے۔ ان سے پہلے یہ اعزاز مِیران بخش (47 سال)اور امیر الہیٰ (44 سال) کے پاس ہے۔
پاکستان کے اُن کھلاڑیوں کی فہرست جنہوں نے بڑی عمر میں ٹیسٹ ڈیبیو کیا:
کھلاڑی کا نام | عمر | مخالف ٹیم | مقام | آغاز کی تاریخ |
---|---|---|---|---|
میران بخش | 47 سال، 284 دن | بھارت | لاہور | 29 جنوری 1955 |
امیر الہی | 44 سال، 45 دن | بھارت | دہلی | 16 اکتوبر 1952 |
آصف آفریدی | 38 سال، 299 دن | جنوبی افریقہ | راولپنڈی | 20 اکتوبر 2025 |
تابش خان | 36 سال، 146 دن | زمبابوے | ہرارے | 7 مئی 2021 |
گل محمد | 34 سال، 362 دن | آسٹریلیا | کراچی | 11 اکتوبر 1956 |
یہ اُن 10 کھلاڑیوں کی فہرست ہے جنہوں نے بڑی عمر میں ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو کیا:
کھلاڑی کا نام | ٹیم | عمر | مخالف ٹیم | مقام | تاریخ |
---|---|---|---|---|---|
جیمز ساؤتھرٹن | انگلینڈ | 49 سال، 119 دن | آسٹریلیا | میلبورن | 15 مارچ 1877 |
میران بخش | پاکستان | 47 سال، 284 دن | بھارت | لاہور | 29 جنوری 1955 |
ڈان بلیکی | آسٹریلیا | 46 سال، 253 دن | انگلینڈ | سڈنی | 14 دسمبر 1928 |
برٹ آئرن مونگر | آسٹریلیا | 46 سال، 237 دن | انگلینڈ | برسبین | 30 نومبر 1928 |
نیلسن بیٹانکورٹ | ویسٹ انڈیز | 42 سال، 242 دن | انگلینڈ | پورٹ آف اسپین | 1 فروری 1930 |
راکلی ولسن | انگلینڈ | 41 سال، 337 دن | آسٹریلیا | سڈنی | 25 فروری 1921 |
رستم جی جمشیجی | بھارت | 41 سال، 27 دن | انگلینڈ | ممبئی | 15 دسمبر 1933 |
آرچی وائلز | ویسٹ انڈیز | 40 سال، 345 دن | انگلینڈ | مانچسٹر | 22 جولائی 1933 |
عمر ہنری | جنوبی افریقہ | 40 سال، 295 دن | بھارت | ڈربن | 13 نومبر 1992 |
سیپ کنیئر | انگلینڈ | 40 سال، 216 دن | آسٹریلیا | سڈنی | 15 دسمبر 1911 |