وزارت خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی چینی وزیرخارجہ وانگ یی سے ٹیلی فون پر گفتگو ہوئی اور دونوں رہنماؤں نے ابھرتی ہوئی علاقائی صورت حال اور وسیع تر عالمی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے مشرق وسطیٰ اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا جبکہ وانگ یی نے کشیدگی میں کمی اور استحکام کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کی تعمیری کوششوں کو سراہا۔
دونوں رہنماؤں نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کے مطابق بات چیت اور سفارت کاری آگے بڑھانے پر زور دیا اور پاک-چین آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کی پائیدار طاقت کا بھی اعادہ کیا۔
اسحاق ڈار اور وانگ یی نے دوطرفہ تعاون مزید گہرا کرنے کے لیے مشترکہ عزم کا اعادہ اور قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔