حکام ایف آئی اے کے مطابق ملزم شادی خان کو گرفتار کر لیا گیا ہے جو اس غیر قانونی کاروبار کا کلیدی کردار ادا کر رہا تھا۔ کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے 475 ملین ایرانی ریال، 60 امریکی ڈالر، 2 لاکھ 59 ہزار پاکستانی روپے اور ایک موبائل فون برآمد ہوا ہے۔
اس کے علاوہ، حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی ایکسچینج سے جڑے اہم دستاویزات اور ریکارڈ بھی ضبط کیے گئے ہیں جو اس نیٹ ورک کی مزید گہرائیوں کو ظاہر کر سکتے ہیں۔
حکام نے ایکسپریس نیوز کو بتایا کہ ایف آئی اے کا کریک ڈاون جاری ہے اور ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے کوئٹہ اور آس پاس کے علاقوں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں، یہ کارروائی ملک بھر میں غیر قانونی مالیاتی لین دین کے خلاف جاری مہم کا حصہ ہے جو معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے ضروری ہے۔
ایف آئی اے کے افسران کا کہنا ہے کہ حوالہ ہنڈی جیسی سرگرمیاں نہ صرف ٹیکس چوری کا سبب بنتی ہیں بلکہ ملک کی مالیاتی سلامتی کو بھی خطرے میں ڈالتی ہیں، ملزم شادی خان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہےاور تفتیش جاری ہے۔
ایف آئی اے حکام نے عوام سے گزارش کی ہے کہ وہ ایسی غیر قانونی سرگرمیوں کی اطلاع دیں تاکہ اسے روکا جا سکے۔