دبئی میں اسٹیڈیم میں ایشیا کپ سپر فور کے اہم میچ میں روایتی حریف بھارت اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان میچ سے قبل ٹاس پر نظریں جمی ہوئی تھیں اور انتظار کیا جا رہا تھا کہ اتنے بڑے تنازع کے بعد بھارتی ٹیم کے کپتان اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہر کرتے ہیں یا اپنی پرانی ڈگر پر ہوں گے۔
میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ اور بھارت کے سابق کرکٹر روی شاستری کی موجودگی میں ٹاس ہوا اور سوریا کمار یادیو نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ سنایا اور سلمان علی آغا سے ہاتھ ملائے بغیر چلے گئے۔
یاد رہے کہ بھارتی ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادیو نے 14 ستمبر کو ایشیا کپ کے گروپ میچ میں ٹاس کے بعد ہاتھ نہیں ملایا تھا، جس کے بعد بڑا تنازع کھڑا ہوا تھا اور میچ ریفری بھی اس کی زد میں آگئے تھے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ کی جانب سے پاکستانی کپتان کو بھارتی کپتان سے ہاتھ ملانے سے منع کرنے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے احتجاج کیا تھا اور ان کی نگرانی میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے اگلا میچ کھیلنے سے انکار کیا تھا۔
بعد ازاں اینڈی پائیکرافٹ نے پاکستانی کپتان سے معذرت کی اور پی سی بی نے ان کی معذرت قبول کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات کے ساتھ میچ کھیلا تھا۔