پاکستان کی پہلی نیٹ فلکس سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کا ٹریلر ریلیز
پاکستان کی پہلی نیٹ فلکس اوریجنل سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کا پہلا آفیشل ٹریلر 24 نومبر 2026 کو جاری کر دیا گیا ہے، جس نے ریلیز ہوتے ہی سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی ہے۔
اس سیریز میں ماہرہ خان اور فواد خان ایک بار پھر ایک ساتھ نظر آئیں گے، جس پر ان کے مداح خاصے پرجوش دکھائی دے رہے ہیں۔
ٹریلر سامنے آتے ہی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصروں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ مداح ماہرہ خان کی اداکاری اور اسکرین پر ان کی موجودگی کی خوب تعریف کر رہے ہیں، جبکہ احد رضا میر کو ’سکندر‘ کے کردار میں دیکھنے کے لیے بھی شائقین خاصے بے تاب نظر آتے ہیں۔
صارفین کی بڑی تعداد نے ٹریلر کو شاندار قرار دیتے ہوئے اس سیریز کے بلاک بسٹر ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔
فرحت اشتیاق کے 2009 میں شائع ہونے والے مقبول ناول پر مبنی اس سیریز کی ہدایت کاری اور پروڈکشن مومنہ درید نے کی ہے۔ نیٹ فلکس کے مطابق یہ کہانی تین نسلوں اور محبت کی چھ مختلف داستانوں کا احاطہ کرتی ہے۔
اس میگا پروجیکٹ میں پاکستانی شوبز انڈسٹری کے صفِ اول کے اداکار ایک ساتھ جلوہ گر ہوں گے، جن میں ماہرہ خان اور فواد خان (مرکزی کرداروں میں)احد رضا میر، صنم سعید، حمزہ علی عباسی، ہانیہ عامر، اقرا عزیز اور بلال اشرف، احمد علی اکبر، مایا علی، خوشحال خان، نادیہ جمیل، عمیر رانا اور ثمینہ احمد شامل ہیں۔
دوسری جانب سیریز کی ریلیز کے اعلان کے ساتھ ہی بھارت میں اس کی ریلیز پر پابندی لگانے کے مطالبات کیے گئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ’آل انڈیا سینی ورکرز ایسوسی ایشن‘ (اے آئی سی ڈبلیو اے) نے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر بھارت میں اس سیریز کی نمائش روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔
تنظیم نے خط میں پاکستان اور پاکستانی فنکاروں کے خلاف سخت زبان استعمال کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ بھارتی اسکرینوں اور او ٹی ٹی پلیٹ فارمز پر پاکستانی مواد نشر نہیں ہونا چاہیے۔
تمام تر بحث و مباحثے کے درمیان، ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کا پہلا حصہ 4 دسمبر 2026 کو عالمی سطح پر نیٹ فلکس پر ریلیز کیا جائے گا۔