دنیا بھر میں ہر گھنٹے 5 خواتین رشتے داروں کے ہاتھوں قتل، اقوامِ متحدہ

دنیا بھر میں خواتین کے قتل کے واقعات میں خاندان کے افراد اور قریبی ساتھیوں کا کردار نمایاں ہے۔ گزشتہ سال قتل ہونے والی خواتین اور لڑکیوں میں سے تقریباً 60 فیصد کو ان کے اپنے قریبی رشتے داروں یا ساتھیوں نے قتل کیا۔

اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ کے مطابق 2025 کے دوران دنیا بھر میں 47 ہزار سے زائد خواتین اور لڑکیاں اپنے قریبی ساتھیوں یا خاندان کے افراد کے ہاتھوں قتل ہوئیں، یعنی اوسطاً ہر گھنٹے پانچ خواتین اور لڑکیوں کو قتل کیا گیا۔ یہ رپورٹ منگل کو خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے عالمی دن سے قبل جاری کی گئی۔

اقوام متحدہ کے ادارے یو این ویمن اور دفتر برائے منشیات و جرائم کے اندازوں کے مطابق گزشتہ سال دنیا بھر میں 78 ہزار خواتین اور لڑکیاں جان بوجھ کر قتل کی گئیں، جن میں سے تقریباً 60 فیصد اپنے قریبی ساتھی یا خاندان کے کسی فرد کے ہاتھوں قتل ہوئیں۔ یہ تعداد روزانہ اوسطاً 129 خواتین اور لڑکیوں کے قتل کے برابر ہے۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ کئی برسوں سے قریبی ساتھیوں اور خاندان کے افراد کے ہاتھوں قتل ہونے والی خواتین اور لڑکیوں کی سالانہ تعداد 45 ہزار سے 51 ہزار کے درمیان رہی ہے۔ یہ اعداد و شمار 122 ممالک اور علاقوں سے حاصل ہونے والی معلومات کے تجزیے کی بنیاد پر مرتب کیے گئے ہیں۔

اقوام متحدہ کے مطابق خواتین کے قتل کے سب سے زیادہ واقعات افریقا میں پیش آئے، جہاں 22 ہزار 100 خواتین اور لڑکیاں اپنے قریبی ساتھیوں یا خاندان کے افراد کے ہاتھوں قتل ہوئیں۔ ایشیا میں یہ تعداد 15 ہزار 100، براعظم امریکا میں 7 ہزار 400، یورپ میں 2 ہزار 100 اور اوشیانا میں 300 رہی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دنیا بھر میں قتل کے مجموعی واقعات کی شرح میں کمی آئی ہے، تاہم خواتین کے صنفی بنیاد پر قتل کے واقعات میں کمی کی رفتار نسبتاً سست رہی، خصوصاً امریکا اور یورپ میں۔ اقوام متحدہ کے مطابق اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ خواتین کے قتل کے یہ واقعات سماجی رویوں اور صنفی امتیاز پر مبنی سوچ سے گہرا تعلق رکھتے ہیں، جب کہ متاثرہ خواتین کو انصاف کے حصول میں بھی مشکلات پیش آتی ہیں۔

رپورٹ میں خواتین کے خلاف گھریلو تشدد کی روک تھام کے لیے نہ صرف ازدواجی اور قریبی تعلقات بلکہ خاندان کے وسیع تر دائرے میں موجود تعلقات کو بھی مدنظر رکھنے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق خاندان سے باہر صنفی بنیاد پر خواتین کے قتل کے اعداد و شمار محدود ہیں، اس لیے ان واقعات کی عالمی سطح پر مکمل تعداد کا اندازہ لگانا ممکن نہیں۔

Related posts