ترکیہ میں فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 5 اہلکار ہلاک
ترکیہ کے مغربی علاقے میں تربیتی پرواز کے دوران فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں فضائیہ کے پانچ اہلکار ہلاک ہوگئے۔
ترک وزارتِ دفاع نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہیلی کاپٹر نے ایسکی شہر سے پرواز کی تھی، تاہم حادثے کی وجہ سامنے نہیں آسکی۔
ترک وزارتِ دفاع کی جانب سے جاری کردہ سرکاری بیان کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا اے ایس 532 کوگر (AS-532 Cougar) ہیلی کاپٹر ایسکی شہر میں واقع فضائیہ کے فرسٹ مین جیٹ بیس کمانڈ سے تربیتی پرواز کے لیے روانہ ہوا تھا تاہم کچھ ہی دیر بعد حادثے کا شکار ہو گیا۔
وزارتِ دفاع کے مطابق ہیلی کاپٹر میں سوار پانچوں اہلکار ہلاک ہوگئے، جنہیں وزارت نے اپنے بہادر ساتھی قرار دیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ہیلی کاپٹر کا ملبہ تلاش کرلیا گیا ہے، جبکہ جائے حادثہ پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ تاہم حکام نے حادثے کی وجوہات سے متعلق کوئی تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
میڈیا پر نشر ہونے والی فوٹیج میں امدادی ٹیموں کو ایسکی شہر کے مرکز سے تقریباً 15 کلومیٹر مغرب میں واقع یوروک اکچایر گاؤں کے قریب جائے حادثہ پر دیکھا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ اے ایس 532 کوگر فرانس میں تیار کردہ دو انجنوں والا کثیرالمقاصد فوجی ہیلی کاپٹر ہے، جسے کئی ممالک کی افواج استعمال کرتی ہیں۔
یہ حادثہ ترکیہ میں ایک اور فوجی ہیلی کاپٹر گرنے کے 12 روز بعد پیش آیا ہے۔ 12 نومبر کو جنوبی ترکیہ کے علاقے ملاتیا کے قریب فوج کا سکورسکی ایس 70 ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا تھا، جس میں عملے کے چار ارکان ہلاک ہوئے تھے۔ حکام نے تاحال اس حادثے کی وجوہات بھی باضابطہ طور پر جاری نہیں کیں۔