کراچی میں 6 منزلہ عمارت منہدم، ایک مزدور جاں بحق، 30 سے زائد کے ملبے تلے دبے ہونے کی اطلاع
کراچی کے علاقے بلوچ کالونی کے قریب ایڈمن سوسائٹی میں زیر تعمیر چھ منزلہ عمارت منہدم ہو گئی، جس کے نتیجے میں ایک مزدور جاں بحق اور چار افراد زخمی ہو گئے جبکہ ملبے تلے متعدد افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق یہ واقعہ بلوچ کالونی میں شاہراہ فیصل کے قریب ایڈمن سوسائٹی میں پیش آیا، جس کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی سرگرمیاں شروع کر دیں۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے مقام سے اب تک ایک لاش اور چار زخمیوں کو نکال کر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ ملبے تلے متعدد افراد کے پھنسے ہونے کی اطلاعات ہیں۔
حکام کے مطابق عمارت میں 40 سے 50 مزدور کام کر رہے تھے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا نوٹس، تحقیقات اور امدادی کارروائیاں تیز کرنے کا حکم
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی کے علاقے ایڈمنسٹریٹو سوسائٹی میں عمارت گرنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری جائے وقوعہ پر پہنچنے، امدادی کارروائیاں تیز کرنے اور واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرنے کا حکم دیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور پولیس باہمی رابطے کے ساتھ امدادی آپریشن مکمل کریں اور ملبے تلے دبے ممکنہ افراد کو نکالنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
انہوں نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے، قریبی اسپتالوں میں ہنگامی انتظامات یقینی بنانے اور اسپتالوں کی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ زخمیوں کے علاج معالجے میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔
سید مراد علی شاہ نے قریبی عمارتوں کے فوری حفاظتی معائنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ عمارت کے ملبے اور اطراف میں موجود ممکنہ خطرات کا جائزہ لے کر شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو عمارت کا نقشہ جانچنے، تعمیراتی معیار اور ممکنہ غفلت کا جائزہ لینے اور عمارت گرنے کی وجوہات کا تعین کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ غفلت یا غیر قانونی تعمیر کی صورت میں ذمہ داروں کا تعین کیا جائے جبکہ متعلقہ ادارے مخدوش عمارتوں کے حوالے سے بھی حفاظتی اقدامات یقینی بنائیں۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کمشنر کراچی کو امدادی کارروائیوں کی مسلسل نگرانی کرنے کی ہدایت کی، جبکہ واقعے کی تفصیلی رپورٹ بھی طلب کر لی گئی ہے جس کی روشنی میں ذمہ داران کے خلاف مزید کارروائی اور حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔