غزہ میں بارشوں سے ایک ہزار پناہ گزین کیمپوں کو سیلاب کا خطرہ
غزہ میں بے گھر فلسطینیوں کے لیے سرد موسم اور بارشوں نے مشکلات مزید بڑھا دی ہیں۔ غزہ میونسپلٹیز یونین نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کے باعث ایک ہزار عارضی پناہ گاہوں اور کیمپوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے، جب کہ دو ہزار عمارتیں کسی بھی وقت منہدم ہوسکتی ہیں۔
قطری نشریاتی ادارے ’الجزیرہ‘ کے مطابق غزہ میں موجود تقریباً دو لاکھ خستہ حال خیموں کو بھی فوری طور پر تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ غزہ میونسپلٹیز یونین نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ بے گھر فلسطینیوں کے لیے خیموں اور دیگر ضروری سامان کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی سے متعلق اعداد و شمار کے مطابق غزہ کی مجموعی آبادی کا تقریباً 65 فیصد، یعنی 14 لاکھ فلسطینی، عارضی خیموں یا دیگر غیر مستقل پناہ گاہوں میں رہنے پر مجبور ہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج کی حالیہ کارروائی کے باعث وسطی غزہ کے علاقے نصیرات میں ہزاروں فلسطینیوں کو ایک بار پھر اپنے عارضی ٹھکانے چھوڑنا پڑے۔ اسرائیلی فوج نے 18 نومبر کو نصیرات پناہ گزین کیمپ کے شمال میں تین بلاکس خالی کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔
’الجزیرہ‘ کے مطابق 50 سالہ سہیل المشہراوی اپنے خاندان کے آٹھ افراد کے ساتھ 13ویں مرتبہ نقل مکانی پر مجبور ہوئے۔ خاندان نے ایک تعلیمی مرکز کے صحن میں رات گزاری، جہاں ان کے پاس سردی سے بچنے کے لیے مناسب کپڑے، بستر اور کمبل بھی موجود نہیں تھے۔
غزہ کے سرکاری میڈیا آفس کے مطابق بدھ کے روز تقریباً 6 ہزار فلسطینیوں نے علاقے سے نقل مکانی کی۔ اسرائیلی فوج نے کارروائی مکمل کرنے اور صلاح الدین روڈ دوبارہ کھولنے کا اعلان کیا، تاہم بعض فلسطینیوں نے فائرنگ کے واقعات اور سڑک کو غیر محفوظ قرار دیتے ہوئے اپنے گھروں کو واپس جانے سے گریز کیا۔
’الجزیرہ‘ سے گفتگو میں بے گھر افراد کے ایک کیمپ کے منتظم اسماعیل یونس نے بتایا کہ فوجی کارروائی کے دوران گولیاں خیموں میں بھی لگیں، جس کے بعد خاندانوں کو فوری طور پر وہاں سے نکلنا پڑا۔ ان کے مطابق لوگوں کو یہ بھی معلوم نہیں تھا کہ وہ کہاں جا کر پناہ لیں گے۔
49 سالہ آمنہ القصاص نے بتایا کہ نقل مکانی کے دوران انہیں صرف خاندان کی شناختی دستاویزات رکھنے والا ایک چھوٹا بیگ اٹھانے کا موقع ملا۔ وہ اپنے خاندان کے 10 افراد کے ساتھ کیمپ سے نکلیں اور خیمہ سمیت اپنا باقی سامان وہیں چھوڑ گئیں۔
غزہ کے محکمہ صحت کے حکام کے مطابق اکتوبر 2025 میں جنگ بندی کے نفاذ کے بعد سے اب تک 1600 سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔