پاک بھارت میچز میں کھلاڑیوں کی بڑھتی بدمزگی: ہربجھن کا آئی سی سی سے اہم مطالبہ

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق اسپنر ہربھجن سنگھ نے رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کی اے ٹیموں کے کھلاڑیوں کے دورانِ میچ تلخ جملوں کے تبادلے پر آئی سی سی اور دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز سے کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کا یہ رویہ نوجوان کرکٹرز کے لیے غلط مثال قائم کر رہا ہے۔

سابق بھارتی اسپنر ہربھجن سنگھ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے کھلاڑیوں کا میدان میں ایک دوسرے کے خلاف جارحانہ رویہ درست نہیں، آئی سی سی اور دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز کو اس معاملے میں مداخلت کرنی چاہیے۔

ہربھجن سنگھ نے یہ بیان دوحہ میں ایچ ایس بی سی گالفنگ لیگ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر دیا۔ ان کا یہ ردعمل ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز ٹورنامنٹ میں اتوار کو پاکستان اے کے ہاتھوں بھارت اے کی 48 رنز سے شکست کے بعد سامنے آیا۔

مذکورہ میچ میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے درمیان مختلف مواقع پر تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا اور کئی مرتبہ صورت حال کشیدہ ہوگئی۔

ہربھجن سنگھ کا کہنا تھا کہ آئی سی سی اور متعلقہ کرکٹ بورڈز کو اس معاملے میں قدم اٹھانا چاہیے۔ پاکستان اور بھارت کے کھلاڑیوں کا میچ جیتنے کے بعد ردعمل اور میدان میں ہونے والا رویہ درست نہیں، یہ شرمناک ہے اور نوجوان نسل کے لیے اچھی مثال نہیں۔

ٹاس سے پہلے بھی کشیدگی

پاکستان اے اور بھارت اے کے درمیان کشیدگی کا آغاز میچ شروع ہونے سے پہلے ہی ہوگیا تھا۔ ٹاس کے موقع پر بھارتی ٹیم کے کپتان تلک ورما اور پاکستان اے کے کپتان عبدالصمد نے ایک دوسرے سے ہاتھ نہیں ملایا۔

ٹاس کے نتیجے کا اعلان کرتے ہوئے بھی کچھ دیر کے لیے الجھن پیدا ہوئی تاہم بعد میں پاکستان اے کو ٹاس کا فاتح قرار دیا گیا۔

میچ کے دوران پاکستان اے کی بیٹنگ کے وقت بھارتی فاسٹ بولر ہرشت رانا کی پاکستانی اوپنرز شامل حسین اور معاذ صداقت کے ساتھ تلخ کلامی ہوئی۔

ہرشت رانا نے ایوش بڈونی کی گیند پر شمائل حسین کا کیچ پکڑنے کے بعد انہیں جارحانہ انداز میں پویلین جانے کا اشارہ کیا۔ بعد ازاں روہیل نذیر کو آؤٹ کرنے پر بھی انہوں نے اسی طرح جارحانہ انداز میں جشن منایا۔

دوسری اننگز میں بھی کھلاڑیوں کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ جاری رہا۔ ہرشت رانا جب صفر پر آؤٹ ہوکر پویلین واپس جارہے تھے تو پاکستانی اسپنر سفیان مقیم نے ان سے کچھ کہا، جس پر دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔ اس موقع پر سفیان مقیم کو ان کے ایک ساتھی کھلاڑی نے آگے بڑھنے سے روکا۔

ہربھجن نے ٹیسٹ میچ کے فیصلے پر بھی سوال اٹھا دیا

ہربھجن سنگھ نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کو 15 اوورز باقی رہتے ہوئے ڈرا کرنے کے بھارتی ٹیم کے فیصلے پر بھی تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی ٹیم کو باقی 15 اوورز میں بھی بولنگ جاری رکھنی چاہیے تھی کیوں کہ ٹیسٹ کرکٹ میں آخری لمحات میں بھی میچ کا نتیجہ تبدیل ہوسکتا ہے۔

ہربھجن نے کہا کہ وہ ان 15 اوورز میں ضرور بولنگ کرواتے، سابق بھارتی کپتان انیل کمبلے کا انداز ہمیشہ آخری گیند تک مقابلہ کرنے کا تھا۔

انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ انہیں سڈنی میں مائیکل کلارک کا وہ میچ یاد ہے جس میں انہوں نے آخری 2 اوورز میں 2 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ ان کے مطابق کسی کو معلوم نہیں ہوتا کہ باقی 15 اوورز میں کیا ہوسکتا ہے۔

آسٹریلیا کی بال ٹیمپرنگ کا معاملہ بھی زیر بحث

سابق بھارتی اسپنر نے 2018 میں آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل پر بھی گفتگو کی اور کہا کہ ریورس سوئنگ کے معاملے پر پاکستان اور بھارت کو طویل عرصے سے تنقید کا سامنا رہا ہے حالاں کہ آسٹریلیا، انگلینڈ اور جنوبی افریقا کی ٹیموں میں بھی اس طرح کے واقعات سامنے آتے رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ریورس سوئنگ کوئی نئی چیز نہیں، پاکستان اور بھارت پر ایک طویل عرصے تک یہ الزام لگایا جاتا رہا کہ گیند کو ریورس سوئنگ کروانے کا طریقہ انہی ٹیموں سے آیا ہے لیکن اس معاملے کو بہت زیادہ بڑھا دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا، انگلینڈ اور جنوبی افریقا بھی ماضی میں اس طرح کے معاملات میں ملوث رہے ہیں۔

ہربھجن نے قدرتی ریورس سوئنگ اور گیند کے ساتھ غیر قانونی طریقے سے چھیڑ چھاڑ کرنے میں فرق واضح کرتے ہوئے کہا کہ قدرتی طور پر گیند کو ریورس سوئنگ ہونے میں وقت لگتا ہے لیکن اگر 10ویں اوور میں ہی گیند ریورس سوئنگ ہونے لگے تو یہ سمجھا جاسکتا ہے کہ اس کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی گئی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ قدرتی ریورس سوئنگ اور سینڈ پیپر کے ذریعے گیند کی حالت تبدیل کرنے میں فرق ہے، گیند کے ساتھ غیر قانونی چھیڑ چھاڑ کرنا غلط عمل ہے۔

بال ٹیمپرنگ میں صرف چند کھلاڑی ملوث تھے؟

ہربھجن سنگھ نے 2018 کے دورہ جنوبی افریقا کے دوران آسٹریلوی ٹیم کے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل پر آسٹریلیا کے اس مؤقف پر بھی سوال اٹھایا کہ اس واقعے کا علم صرف چند کھلاڑیوں کو تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ممکن نہیں کہ ایک ہی گھر میں رہنے والے افراد کو ایک دوسرے کی سرگرمیوں کا علم نہ ہو۔ ان کے خیال میں اگر ٹیم کے اندر ایسا واقعہ ہوا تو اس میں پوری ٹیم کسی نہ کسی طرح شامل تھی۔

انہوں نے کہا کہ یہ ممکن نہیں کہ ایک ہی گھر میں رہتے ہوئے آپ کو معلوم نہ ہو کہ آپ کا بھائی یا بہن وہاں موجود ہے یا نہیں۔ ان کے مطابق اگر ایسا معاملہ ٹیم کے اندر ہوا ہے تو یہ اجتماعی معاملہ ہے۔

Related posts