ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کےلیے بڑا اقدام: پنجاب اور سندھ میں مفت اسکریننگ کیمپ

او جی ڈی سی نے ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کے لیے ایک اہم طبی مہم کا آغاز کیا ہے۔ ادارے کے ترجمان کے مطابق پنجاب اور سندھ کے مختلف علاقوں میں مفت ہیپاٹائٹس سی اسکریننگ اور علاج کیمپ لگائے جائیں گے، جہاں عوام کو مفت ٹیسٹ، معائنہ، دوائیاں اور طبی مشاورت کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

یہ کیمپس 23 ستمبر سے 11 دسمبر 2025 تک پہلے مرحلے میں کام کریں گے۔ پنجاب میں چکوال، اٹک، گوجر خان اور ڈیرہ غازی خان کے صحت مراکز میں جبکہ سندھ میں حیدرآباد، سانگھڑ اور گھوٹکی میں یہ سہولیات دستیاب ہوں گی۔

او جی ڈی سی پہلے ہی ملک بھر میں 35 مفت آئی کیمپس، 3 موبائل آپریشن تھیٹر، 45 مفت میموگرافی کیمپس، 100 ایمبولینسز اور 6 موبائل ہیلتھ یونٹس عطیہ کر چکی ہے۔ ادارے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی اور اپنے خاندان کی صحت کے تحفظ کے لیے ان ہیپاٹائٹس سی ایلیمینیشن کیمپس میں بھرپور شرکت کریں۔

ترجمان نے زور دیا کہ ہیپاٹائٹس سی کا بروقت علاج خوشحال اور صحت مند زندگی کی ضمانت ہے۔ یہ اقدام عوامی صحت کے شعبے میں ایک اہم پیشرفت ہے جس سے ہزاروں شہریوں کو فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔

Similar Posts