کراچی الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ریکور کیے گئے موبائل فونز سی پی ایل سی کے حوالے کردیے

کراچی الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر محمد رضوان عرفان نے پولیس اور سی پی ایل سی کے اشتراک سے ریکور کیے گئے22 لاکھ روپے مالیت کے 145عدد موبائل فون سی پی ایل سی کے حوالے کردیے۔

صدر ایسوسی ایشن محمدرضوان عرفان نے بتایا کہ بہت جلد ایک تقریب منعقد کی جائے گی جس میں ایڈیشنل آئی جی، سی پی ایل سی کے چیف اور پولیس کے اعلیٰ افسران شرکت کریں گے اور اس تقریب میں یہ مسروقہ یا چھینے گئے موبائل فون ان کے مالکان کے سپرد کیے جائیں گے۔

محمد رضوان نے بتایا کہ ایسوسی ایشن اب تک 26 کروڑ روپے مالیت کےچوری شدہ یا چھینے گئے موبائل فون فروخت کے لیے مارکیٹ آنے پر ریکور کرکے اس کے مالکان کے سپرد کرچکی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس، سی پی ایل سی اور ایسوسی ایشن کے اشتراک سے بنائے گئے سخت ضابطہ عمل کے تحت کسی بھی نئے یا پرانے موبائل فون کی خریداری سے قبل آئی ایم ای آئی نمبر اور شناختی کارڈ کی سی پی ایل سی سے تصدیق کرانا لازمی ہے۔

محمر رضوان نے بتایا کہ ضابطے کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Similar Posts