سعودی عرب کے 95 ویں یوم الوطنی کے موقع پر جناح کنوینشن سینٹر اسلام آباد میں فقیدالمثال عشایے کا انتظام کیا گیا، جس میں بڑی تعداد میں گورنرز، وزررا، مذہبی رہنماؤں، سفارتی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب میں تلاوت کلام پاک کے بعد دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے اور دستاویزی ویڈیو بھی دکھائی گئی، وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے عربی زبان مین ریکارڈ شدہ تہنیتی ویڈیو پیغام بھی چلایا گیا۔
سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک-سعودی عرب تعلقات صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں بلندی کی نئی سطح دیکھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑے تھے اور کھڑے رہیں گے۔
اس موقع پر مہمان خصوصی چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ سعودی عرب سے پاکستان کا رشتہ دلوں کا رشتہ ہے، یہ تعلق مختلف چیلنجوں میں مزید مضبوط ہو کر سامنے آیا ہے۔