لاہور میں پیرا فورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ غریب، یتیموں اور بیواؤں کی زمینوں پر قبضہ اب ناقابلِ برداشت ہوگا، مجوزہ قانون کے تحت ناجائز قبضہ کرنے والوں کو 10 سال قید اور بھاری جرمانے کی سزائیں تجویز کی گئی ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ پیرا فورس میں باصلاحیت خواتین کی شمولیت باعثِ فخر ہے، یہ فورس پنجاب میں گڈ گورننس کی زندہ مثال بنے گی۔
The PERA force will play a vital role in ending hoarding, profiteering & illegal encroachments across Punjab. pic.twitter.com/MY9jt6j5HH
— Marriyum Aurangzeb (@Marriyum_A) September 24, 2025
وزیراعلیٰ نے پیرا اہلکاروں سے رشوت نہ لینے، ایمانداری سے عوام کی خدمت کرنے، اور قانون کی بالادستی قائم رکھنے کا حلف بھی لیا۔
مریم نواز نے بتایا کہ وہ ایک غیر ملکی دورے پر ٹوکیو میں تھیں جب انہیں آٹے اور گندم کی قیمتوں میں اضافے کی اطلاع ملی، جس پر فوری ایکشن لیتے ہوئے قیمتیں 4100 روپے فی من سے کم ہو کر 3100 روپے پر آ گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیرا فورس نے حالیہ سیلاب کے دوران ریسکیو اور ریلیف آپریشنز میں بھی کلیدی کردار ادا کیا، جبکہ کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (CCD) کے قیام کے بعد کئی تحصیلوں میں جرائم کی شرح صفر تک پہنچ چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرگودھا کے شہری اب رات کے وقت بھی بلا خوف گھروں سے نکل سکتے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے خاتون سربراہِ حکومت ہونے کے ناطے پنجاب کو خواتین کے لیے محفوظ ترین صوبہ بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
انہوں نے یقین دلایا کہ جہاں ظلم ہوگا، ظالم کو پکڑنے کے لئے حکومت موجود ہوگی، مریم نواز شریف نے پیرا کے افسران، جوانوں اور ان کی فیملیز کو مبارکباد دی۔