ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ: ارشد ندیم کی مایوس کن کارکردگی، کوچ سے وضاحت طلب

اولمپئن ارشد ندیم کی ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں مایوس کن کارکردگی پر پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن نے کوچ سلمان اقبال بٹ سے وضاحت طلب کرلی۔

اس حوالے سے سلمان اقبال بٹ کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ جس میں ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان نے سلمان اقبال بٹ سے پانچ اکتوبر تک تحریری رپورٹ طلب کرلی ہے۔سلمان اقبال بٹ کو رپورٹ میں 10 مختلف معاملات پر رپورٹ میں وضاحت دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

رپورٹ میں ارشد ندیم کی ستمبر 2024 سے اگست 2025 تک ٹریننگ کی تفصیلات مانگی گئی ہیں ۔اس دوران ٹریننگ پروگرام میں کس کس ماہر کوچ کی معاونت حاصل کی گئی۔ ایک سال میں ارشد ندیم کی بین الاقوامی ایونٹس میں شرکت کے حوالے سے کیا حکمت عملی بنائی گئی۔

ڈائمنڈ لیگ کے کسی بھی ایڈیشن میں ارشد ندیم کی شرکت نہ ہونے کی وضاحت کی جائے ۔ایک سال میں کس کس غیر ملکی کوچ اور ٹرینر سے رابطہ کیا گیا اس  کی تفصیلات کا حساب بھی مانگا گیا ہے۔ایک سال میں ارشد ندیم کی ہائی پرفارمنس ٹریننگ کی تفصیلات بھی جمع کارنے کی ہدایات مانگی گئی ہیں۔

ایک سال میں ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان یا کسی اور نیشنل انسٹیٹیوشن سے کوئی رابطہ کیا تو اس کی تفصیلات بھی دینے کا پابند کیا گیا ہے۔ارشد ندیم کی صحت اور فٹنس کی تفصیلات بھی رپورٹ میں شامل کرنے کا کہا گیا ہے۔

ارشد ندیم کے طبی مسائل ان کا علاج اور بحالی پروگرام کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔اگر کوئی اہم اقدام کیا گیا ہے تو اس کی تفصیلات بھی رپورٹ میں شامل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ارشد ندیم کے مستقبل  کی حکمت عملی کے ساتھ ساتھ  آگے بڑھنے اور دوبارہ کامیابی کی راہ پر گامزن ہونے کے لیے تجاویز اور پلان بھی طلب کیا گیا۔

ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان نے سلمان اقبال بٹ سے مانگی گئی رپورٹ کے حوالےسے  پاکستان اسپورٹس بورڈ کو بھی آگاہ کردیا ہے۔

Similar Posts