چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ خواتین کی شمولیت کے بغیر ملک، معیشت اور معاشرے میں ترقی ممکن نہیں، صوبائی حکومت کی جانب سے سندھ بھر میں عوام کو ٹرانسپورٹ کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ باعثِ فخر ہے کہ سندھ پاکستان کا وہ پہلا صوبہ ہے جس نے پبلک ٹرانسپورٹ میں الیکٹرک بسیں متعارف کروائیں، پھر پبلک ٹرانسپورٹ میں ہی خواتین کے لیے مخصوص ‘پنک بس سروس’ متعارف کروائی۔
ان کا کہنا تھا کہ آج حکومت سندھ کی جانب سے خواتین میں الیکٹرک اسکوٹرز بلکل مفت تقسیم کرنے کے منصوبے کا آغاز کیا جا رہا ہے، جس سے سفری سہولیات کے ساتھ ساتھ خواتین کو روزگار کے مواقع تک رسائی میں بھی آسانی ہوگی۔
انہوں نے اعلان کیا کہ وہ جلد سندھ کے محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے ایک نئے منصوبے، پِنک ٹیکسیز، کا افتتاح کریں گے، جس سے صوبے کی خواتین کو محفوظ سفر کی سہولیات کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع بھی میسر ہوں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے خواتین بائیکرز کی ٹریننگ اور لائسنسز کے اجرا کے عمل میں محکمہ ٹرانسپورٹ کی معاونت کو سراہا اور صوبے کے پرائیوٹ سیکٹر سے اپیل کی کہ وہ پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ موڈ کے تحت وِن وِن منصوبوں میں حکومت سندھ کے شراکت دار بنیں تاکہ پرائیوٹ سیکٹر اور عوام دونوں کو فائدہ ہو۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن، صوبائی وزرا، اراکین اسمبلی اور پارٹی رہنما بھی موجود تھے۔