ایشیا کپ ٹی 20 کے سپر 4 مرحلے کے آخری میچ میں بھارت نے سری لنکا کو جیت کے لیے 203 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔
دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں سری لنکا کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت نے ابھیشک شرما، تلک ورما اور سنجو سیم سن کی شاندار بیٹنگ کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹ پر 202 رنز بنائے۔
بھارت کی بیٹنگ
بھارتی اوپنر بلے باز ابھیشک شرما نے ایک اور برق رفتار ففٹی اسکور کی، انہوں نے صرف 31 گیندوں پر 8 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 61 رنز بنائے۔
مڈل آرڈر بیٹرز تلک ورما اور سنجو سیمسن نے شاندار 66 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی، سنجو سیمسن 39 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ تلک ورما 49 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔
کپتان سوریا کمار یادو ایک بار پھر بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے، وہ 13 گیندوں پر صرف 12 رنز ہی بنا سکے۔ اس کے علاوہ ٹاپ آرڈر بیٹر شمبن گل 4 اور آل راؤنڈر ہاردیک پانڈیا 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ اکثر پٹیل 21 رنز بناکر وکٹ پر موجود رہے۔
سری لنکا کی جانب سے تمام بولرز مہنگے ثابت ہوئے، مہیش تھیکشنا نے 36، دشنمتھا چمیرا نے 40، ونانڈو ہسارانگا نے 37، داسن شاناکا نے 23 جب کہ کپتان چرِتھ اسالانکا نے بھی 18 رنز دے کر ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا جب کہ نوان تُشارا نے 4 اوورز میں 43 رنز دیے اور کوئی وکٹ نہ لے سکے۔
اس طرح بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز بنائے اور سری لنکا کو جیت کے لیے 203 رنز کا ہدف دیا۔
میچ کا ٹاس
دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے چھٹے میچ میں سری لنکا کے کپتان چرتھ اسالنکا نے ٹاس جیت کر بھارت کے پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔
بھارت نے سری لنکا کے خلاف پلیئنگ الیون میں 2 تبدیلیاں کی ہیں، فاسٹ بولر جسپریت بمرا اور شیوم دوبے کی جگہ ارشدیپ سنگھ اور ہرشیت رانا کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ہے۔
دوسری طرف سری لنکن ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، کرونارتنے کی جگہ جنتھ لیانگے کو شامل کیا گیا ہے، دونوں ٹیموں کا ایونٹ میں یہ پہلا مقابلہ ہے۔
بھارت کا اسکواڈ
بھارتی ٹیم میں ابھیشیک شرما، شبمن گل، سوریہ کمار یادو (کپتان)، تلک ورما، سنجو سیمسن (وکٹ کیپر)، ہاردک پانڈیا، اکسر پٹیل، ہرشیت رانا، کلدیپ یادو، ارشدیپ سنگھ اور ورون چکرورتی شامل ہین۔
سری لنکا کا اسکواڈ
سری لنکا کی ٹیم پتھم نسانکا، کوسل مینڈس (وکٹ کیپر)، کوسل پریرا، چرتھ اسالنکا (کپتان)، کمنڈو مینڈس، داسن شاناکا، وانندو ہسارانگا، جنتھ لیانگے، دشمنتھا چمیرا، مہیش تھکشانا اور نوان تُشارا پر مشتمل ہے۔
ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں دونوں ٹیموں کا ریکارڈ دیکھا جائے تو بھارت کو نمایاں برتری حاصل ہے، اب تک دونوں ٹیمیں 31 میچز کھیل چکی ہیں، جن میں بھارت نے 21 فتوحات حاصل کیں، سری لنکا نے 9 میچز جیتے جب کہ ایک میچ بے نتیجہ رہا۔
گزشتہ باہمی سیریز جولائی میں پالی کلے میں کھیلی گئی تھی جس میں بھارت نے میزبان سری لنکا کو تین صفر سے شکست دی تھی۔
دوسری جانب بھارت نے ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں اپنے 2 میچز میں پاکستان اور بنگلادیش کو شکست دی ہے اور فائنل میں پہنچ گیا ہے جب کہ سری لنکا کو اپنے 2 میچز میں پاکستان اور بنگلادیش کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے اور ایونٹ سے باہر ہوچکی ہے۔
ایونٹ کا فائنل اتوار 28 ستمبر کو پاکستان اور بھارت کے درمیان دبئی میں کھیلا جائے گا۔