ایشیا کپ 2025 میں آج پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹرافی کی جنگ ہے۔ دبئی میں میگا فائنل کے لیے پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ایک دوسرے پر جھپٹنے کے لیے تیار ہیں۔ تاریخ میں پہلی بار روایتی حریف فائنل میں ٹکرائیں گے۔
کرکٹ کا بخار سر چڑھ کر بول رہا ہے، شائقینِ کرکٹ پاک بھارت میچ کے لیے بے تاب ہیں۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان آغا نے کہا ہے کہ دونوں ٹیمیوں پر فائنل کا یکساں پریشر ہوگا۔
دبئی میں ایشیا کپ کے فائنل کے لیے پاکستانی شائقین کرکٹ پُرجوش ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ کی فتح کا ایسا جشن منائیں گے کہ دنیا دیکھے گی۔
پاکستان میں بھی کرکٹ کے دیوانوں کو آج کے میچ کا بے صبری سے انتظار ہے۔ حافظ آباد میں سکھ کمیونٹی کے افراد بھی ایشیا کپ کے فائنل میچ میں پاکستانی ٹیم کی جیت کے لیے پُر عزم ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ شاہین آفریدی، حارث روف اور صائم ایوب آج کے میچ میں فیورٹ ہیں۔
سجاول کے نوجوان کھلاڑیوں اور کرکٹ شائقین کا جوش و خروش بھی عروج پر ہے۔ نوجوانوں کا کہنا ہے کہ پاکستان آج بھارت کو شکست سے دوچار کرے گا۔
اُدھر عارف والا کے شائقینِ کرکٹ بھی پاک بھارت فائنل ٹاکرے کیلئے پُر جوش دکھائی دے رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پاکستان کم بیک کر کے بھارت کو معرکہ حق کی طرح عبرتناک شکست دے گا۔
نو ہینڈ شیک کے بعد نو فوٹو شوٹ
پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان نو ہینڈ شیک سے بات اب نو فوٹو شوٹ تک جا پہنچی ہے۔ بھارت نے کپتانوں کے ٹرافی کے ہمراہ فوٹو شوٹ سے انکار کردیا ہے جس کے لیے انتظامیہ نے کیپٹنز ایونٹ منسوخ کردیا۔
اس حوالے سے کپتان سلمان آغا نے کہا ہے کہ ہینڈ شیک نہ ہونا کرکٹ کے لیے اچھا نہیں ہے۔ ماضی میں بھی زیادہ حالات خراب تھے پھر بھی ہینڈ شیک ہوئے۔ بھارتی ٹیم جو کرتی ہے کرتی رہے، ہم اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ کریں گے۔
فائنل سے قبل بھی فوٹوسیشن کا امکان نہیں ہے، حتمی فیصلہ میچ سے قبل کیا جائے گا۔
دوسری جانب پاکستان دشمنی میں اندھے بھارتیوں کو منہ کی کھانا پڑ گئی ہے۔ چئیرمین پی سی بی محسن نقوی ایشیاکپ کی فاتح ٹیم کو ٹرافی دیں گے جس کے لیے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے اعلان کردیا ہے۔
چیئرمین پی سی بی اور اے سی سی کے صدر محسن نقوی دبئی میں پاک بھارت فائنل دیکھیں گے۔ محسن نقوی نے کہا کہ پاک بھارت ٹاکرا ویوور شپ کا نیا ریکارڈ بنائے گا۔ فاتح ٹیم کو ٹرافی دینے کا منتظر ہوں۔
پاکستان اور بھارت کسی بھی ٹورنامنٹ میں اب تک 5 بار فائنل میں آمنے سامنے آئیں ہیں یہاں پاکستان بھارت سے آگے ہے۔ پاکستان نے 3 بار جبکہ بھارت نے پاکستان کو 2 بار فائنل میں شکست دی ہے۔