آئی سی سی ٹی مینز ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں گروپ میچ میں بھارت نے امریکا کو 29 رنز سے شکست دے دی۔ 162 رنز کے تعاقب میں امریکا کی ٹیم مقرررہ اوورز میں 132 رنز بناسکی۔
ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں امریکا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پہلی اننگز میں بھارتی ٹاپ آرڈر ہوم گراؤنڈ پر بری طرح ناکام نظر آیا تاہم بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو کی جارحانہ بیٹنگ نے بھارتی ٹیم کی لاج رکھ لی۔
امریکا کے باؤلرز نے میچ کے آغاز سے ہی بھارتی بیٹرز کو ہوم گراؤنڈ کنڈیشن کا فائدہ نہیں اٹھانے دیا اور پاور پلے میں 4 کھلاڑیو کو پویلین بھیج دیا۔
بھارتی اوپنر ابھیشیک شرما بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ ایشان کشن نے 20 اور تِلک ورما نے 25 رنز بنا کر اننگز کو سہارا دینے کی کوشش کی تاہم وہ بھی زیادہ دیر امریکی باؤلرز کا سامنا نہ کر سکے۔ مڈل آرڈر میں شیوم دوبے، رینکو سنگھ اور ہاردک پانڈیا بھی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔
امریکی باؤلرز نے بھارت کے تین کھلاڑیون کو صفر پر پویلین کی راہ دکھائی۔
بھارت نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 161 رنز بنائے۔ بھارتی کپتان سوریا کمار نے مشکل وقت میں ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 49 گیندوں پر 84 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔
امریکا کی جانب سے شیڈلے وان شالکویک نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے چار کھلایوں کو آؤٹ کیا، ہرمیت سنگھ نے دو جبکہ علی خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔
بھارت کے 162 رنز کے ہدف کے تعاقب میں یو ایس اے کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 132 رنز بنا سکی۔
محض 13 رنز کے مجموعی اسکور پر تین وکٹیں کھونے کے بعد امریکا کے بیٹرز سست رفتاری کے ساتھ اسکور آگے بڑھاتے رہے، جس کے نتیجے میں بیٹرز پر دباؤ بڑھتا چلا گیا۔
ملیند کمار 34 گیندوں پر 34 رنز، سنجے کرشنا مورتھی 31 گیندوں پر 37 اور شبھم رنجنے 22 گیندوں پر 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
بھارت کے محمد سراج نے 3، اکشر پٹیل اور ارشدیپ سنگھ نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ورون چکر ورتھی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔