امریکا اور بھارت کے درمیان تجارتی کشیدگی کے دوران مغربی بنگال میں دُرگا پوجا کے ایک پنڈال میں ’اَسُر‘ (شیطان) کا ایک مجسمہ امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی شکل میں ماڈل کیا گیا، جس کی ویڈیو سامنے آئی ہے۔
مغربی بنگال کی ایک درگا پوجا کمیٹی نے اپنے غیر معمولی تھیم کی وجہ سے سوشل میڈیا پر ملے جلے ردعمل کا سامنا کیا ہے، جس میں ’اَسُر‘ (شیطان) کا مجسمہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی شکل میں بنایا گیا ہے۔ فیس بک پر شیئر کی گئی اس ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ اس مجسمے کے پیچھے فنکار نے اسے کیسے تخلیق کیا۔
کلپ میں ایک فنکار اَسُر کے مجسمے پر کام کرتے ہوئے نظر آتا ہے۔ وہ شخص مجسمے کے ہلکے سنہرے بالوں کو انتہائی توجہ کے ساتھ تراش رہا ہے۔ پس منظر میں درگا کا ایک مجسمہ بھی نظر آ رہا ہے۔ فیس بک ویڈیو کے مطابق، ٹرمپ کی شکل کا یہ مجسمہ فنکار عاصم پال نے بنایا ہے۔
یہ مجسمہ کیوں بنایا گیا؟
ڈونلڈ ٹرمپ سے مشابہت رکھنے والا یہ مجسمہ ’خاگرا شمشان گھاٹ درگا پوجا کمیٹی‘ میں دکھایا گیا ہے۔ منتظمین نے بتایا کہ انہوں نے ٹرمپ کی دھوکہ دہی کے بعد ان کی شکل میں یہ مجسمہ بنانے کا فیصلہ کیا۔
کمیٹی کے ایک ترجمان نے بتایا، ’یہ فیصلہ ٹرمپ کی طرف سے ہمارے اوپر 50 فیصد ٹیرف عائد کرنے اور ویزہ پالیسی کو نافذ کرنے کے جواب میں کیا گیا ہے۔ ہمارے وزیر اعظم نے ڈونلڈ ٹرمپ کو دوست سمجھا تھا۔ ٹرمپ نے انہیں دھوکہ دیا ہے۔ اسی لیے انہیں ایک دیو (شیطان) کے طور پر دکھایا گیا ہے۔‘

سوشل میڈیا کا ردعمل؟
ویڈیو نے سوشل میڈیا پر مخلوط ردعمل پیدا کیا۔ بعض افراد نے مورتی پر ہنسی مذاق کیا، جبکہ کچھ نے اس پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا، اور کہا کہ سیاست کو درگا پوجا میں دخل نہیں دینا چاہیے۔
ایک شخص نے لکھا، ’یہ صحیح نہیں ہے۔ پوجا مذاق نہیں ہے۔‘ ایک اور نے کہا، ’درگا پوجا اب تفریح کا ایک ذریعہ بنتی جا رہی ہے۔ جب ہم بچے تھے، تو ہم شیطان سے ڈرتے تھے، لیکن اب جو دیکھتے ہیں وہ عبادت نہیں، بلکہ صرف تفریح ہے۔‘
ایک تیسرے شخص نے لکھا، ’ہاہا، یہ بہت مزے کا ہے۔‘ اور ایک چوتھے نے کہا، ’مورتی تو اصلی ٹرمپ سے زیادہ بہتر دکھ رہی ہے۔‘
انڈیا اور امریکا کے درمیان حالیہ تجارتی تنازعات کے درمیان، دونوں ممالک کے حکام نے اہم تجارتی معاملات پر بات چیت کی۔ دونوں ممالک کے وفود 22 سے 24 ستمبر تک تبادلہ خیال کرتے رہے اور فیصلہ کیا گیا کہ باہمی طور پر فائدہ مند تجارتی معاہدے کو جلد نتیجہ خیز بنانے کے لیے بات چیت جاری رکھی جائے گی۔