ملیر کے علاقے کالا بورڈ کے قریب گزشتہ اتوار کو نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے اینکر اور صحافی امیتاز میر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں دم توڑ گئے۔
اینکر اور صحافی امتیاز میر ملیر کالا بورڈ کے قریب گزشتہ اتوار کو فائرنگ سے زخمی ہوگئے اور انہیں طبی امداد کے لیے نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ ایک ہفتہ زیر علاج رہنے کے بعد انتقال کرگئے۔
پولیس نے حملے کا مقدمہ سعود آباد تھانے میں درج کیا تاہم اب تک کیس میں کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی ہے۔
صحافی شجاعت قریشی نے بتایا کہ امتیاز میر کی تدفین کا اعلان ان کے اہل خانہ کریں گے۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھونے سینئر اینکر پرسن امتیاز میر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا اور مرحوم کی مغفرت اور ان کے اہل خانہ کے لیےصبر کی دعا کی۔