حکومت پنجاب کا مختلف جیلوں میں 40 ہزار قیدیوں کو ہنرمند بنانے کیلئے مفت تربیت کا منصوبہ

پنجاب کی صوبائی حکومت نے اکتوبر سے ایک ایسا منفرد اقدام شروع کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت صوبے بھر کی 40 جیلوں میں قید 40 ہزار افراد کو ہنر مند بنانے کے لیے ایک ماہ کی مفت تربیت دی جائے گی جس میں قیدیوں کو مہمان نوازی، ویٹرنگ اور کھانا پکانے جیسی مہارتیں سکھائی جائیں گی تاکہ وہ رہائی کے بعد معاشرے میں باعزت روزگار حاصل کر سکیں۔

محکمہ سیاحت پنجاب نے اس حوالے سے محکمہ جیل خانہ جات کے ساتھ باقاعدہ معاہدہ کیا، جس سے محکمہ سیاحت نے وزیر اعلیٰ اور سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی ہدایت پر تیار کیا ہے۔

سیکریٹری سیاحت ڈاکٹر احسان بھٹہ نے بتایا کہ یہ تربیت ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن پنجاب (ٹی ڈی سی پی) کے انسٹی ٹیوٹ آف ٹورازم اینڈ ہاسپیٹلیٹی مینجمنٹ کے ذریعے کرائی جائے گی، اس مقصد کے لیے جیلوں کے اندر تربیتی مراکز قائم کیے جائیں گے اور نجی شعبے کے ماہر ٹرینرز اپنی خدمات فراہم کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام خاص طور پر ان قیدیوں کے لیے ہے جن کی سزا آئندہ چند ماہ میں مکمل ہونے والی ہے تاکہ وہ رہائی کے بعد ہنر کے ساتھ نئی زندگی شروع کر سکیں۔

سیکریٹری سیاحت کے مطابق اس پروگرام سے نہ صرف قیدیوں کو فائدہ ہوگا بلکہ محکمہ سیاحت اور محکمہ داخلہ کے درمیان تعاون بھی بڑھے گا جبکہ غیر ملکی سیاحوں کے لیے بہتر سیکیورٹی اور سہولتوں کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کا یہ منصوبہ قیدیوں کو صحت، صفائی اور بہتر طرزِ زندگی کے اصول سکھانے کے ساتھ ساتھ ان کی اصلاح اور بحالی میں مددگار ثابت ہوگا۔

ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا کہ یہ اقدام وزیر اعلیٰ کے ہیلتھ آن وہیلز پروگرام کی طرز پر ہے، جس میں سہولتیں قیدیوں کی دہلیز پر پہنچائی جا رہی ہیں۔

انہوں نے محکمہ داخلہ اور جیل خانہ جات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام سے معاشرہ مجموعی طور پر فائدہ اٹھائے گا۔

Similar Posts