یہ المناک حادثہ ہماچل پردیش کے علاقے بَدی کے قریب پیش آیا، جب 35 سالہ گلوکار کی موٹرسائیکل سڑک پر موجود دو مویشیوں سے ٹکرا گئی۔ حادثے کے بعد انہیں پہلے مقامی سول اسپتال لے جایا گیا جہاں دوران علاج ان کا دل بند ہو گیا، تاہم فوری طبی امداد کے بعد انہیں موہالی کے فورٹس اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق راجویر جوندہ کو دوپہر 1 بج کر 45 منٹ پر ایمرجنسی وارڈ میں داخل کیا گیا۔ اسپتال کی ایمرجنسی اور نیورو سرجری ٹیم نے فوری طور پر ان کا معائنہ کیا اور انہیں ایڈوانس لائف سپورٹ پر رکھا ہے۔
راجویر جوندہ کو ’میرا دل‘ اور ’سراداری‘ جیسے گانوں سے شہرت حاصل ہے اور ان کے یوٹیوب چینل پر دس لاکھ کے قریب سبسکرائبرز ہیں۔ حادثے کی خبر سن کر مشہور گلوکار دلجیت دوسانجھ نے ان کی صحت یابی کے لیے دعائیہ پیغام جاری کیا ہے۔
واضح رہے کہ گلوکار کو بائیکنگ کا خاصا شوق ہے اور وہ اکثر چندی گڑھ، موہالی اور پنچکولہ کے پہاڑی علاقوں میں موٹرسائیکل سفر کرتے رہتے ہیں۔ حادثے سے محض ایک روز قبل انہوں نے انسٹاگرام پر اپنی ایک ویڈیو پوسٹ کی تھی، جس میں وہ ’تو دس پیندا‘ گانا پیش کر رہے تھے۔