ایشیا کپ 2025 کے فائنل کے بعد پریس کانفرنس میں بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادو صحافیوں کے پے در پے سوالات کے جوابات دینے کے بجائے اُسے گول گرتے رہے۔
پریس کانفرنس کے دوران بھارتی کپتان سے صحافی نے یہ سوال کیا تھا کہ، ”اس پورے ٹورنامنٹ میں آپ کا پاکستان ٹیم کے ساتھ جو رویہ رہا جس میں پہلے آپ نے ہینڈ شیک نہیں کیا، پھر ٹرافی کے ساتھ فوٹو سیشن نہیں کیا، آپ نے ایک سیاسی پریس کانفرنس کی، کرکٹ کی تاریخ میں آپ پہلے کپتان ہیں جو کھیل میں سیاست لے کر آئے ہیں۔“
بھارتی کپتان کے ہمراہ ابھیشیک شرما بھی ان کے ساتھ بیٹھے تھے۔
صحافی کے سوال پر سوریا کمار یادو نے گھبراہٹ میں اپنے میڈیا مینیجر کی طرف دیکھ کر پوچھا کہ، ”بولنا ہے یا نہیں بولنا ہے“ پھر سوال کرنے والے صحافی کی طرف دیکھ کر کہا کہ آپ غصہ ہو رہے ہیں۔ بعد ازاں بھارتی کپتان نے سوال نہ سمجھ آنے کا بہانا کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے ایک ساتھ 4 سوال پوچھ لیے۔
بعد ازاں بھارتی میڈیا منیجر نے پریس کانفرنس کے دوران ایک پاکستانی صحافی کا سوال لینے سے ہی انکار کر دیا تھا۔
خیال رہے کہ ٹورنامنٹ کے دوران بھارتی ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادیو کو سیاسی پریس کانفرنس کرنے پر جرمانہ بھی ہوا تھا لیکن انہوں نے فائنل میچ کے بعد ایک بار پھر پریس کانفرنس کے دوران اعلان کیا تھا کہ وہ ایشیا کپ میں کھیلے گئے اپنے تمام میچز کی فیس بھارتی فوج کو دینے کا اعلان کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارتی کرکٹ ٹیم نے محسن نقوی سے فاتح ٹرافی وصول کرنے سے انکار کر دیا تھا، جو دونوں ملکوں کے کرکٹ تعلقات میں ایک تاریخی تنزلی ہے۔