حکام کے مطابق گزشتہ روز تھانہ صدر کے علاقے وانڈہ امیر میں پولیس اور امن کمیٹی کے مشترکہ آپریشن کے دوران ایک دہشتگرد مارا گیا تھا، جس کی شناخت کالعدم ٹی ٹی پی کے مقامی کمانڈر حکمت اللہ عرف حمزہ عرف لڑاکا سکنہ خوائیداخیل لکی سٹی کے نام سے ہوئی ہے۔
ہلاک دہشت گرد سی ٹی ڈی بنوں کو ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری، آئی ای ڈی دھماکوں اور دہشتگردی کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھا۔
کامیاب آپریشن پر ریجنل پولیس آفیسر بنوں سجاد خان اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لکی مروت نذیر خان نے پولیس ٹیم اور مقامی امن کمیٹی کو شاندار خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ لکی مروت پولیس اور عوام نے دہشتگردی کے خلاف ہمیشہ صف اول میں کردار ادا کیا ہے۔
آر پی او بنوں سجاد خان نے کہا ہے کہ لکی مروت پولیس، سکیورٹی فورسز اور عوام مل کر علاقے سے دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کریں گے۔