پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ قومی سلیکشن کمیٹی نے 18 رکنی ٹیم تشکیل دی ہے جس کی قیادت کپتان شان مسعود کریں گے۔ اس بار اسکواڈ میں تین نئے کھلاڑیوں کو بھی موقع دیا گیا ہے جن میں آصف آفریدی، فیصل اکرم اور وکٹ کیپر بیٹر روحیل نذیر شامل ہیں۔
اعلان کردہ اسکواڈ میں پاکستان کے بڑے نام بھی موجود ہیں، جن میں سابق کپتان بابراعظم، وکٹ کیپر محمد رضوان اور فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔
ٹاپ آرڈر میں عبداللہ شفیق اور امام الحق ٹیم کا حصہ ہوں گے، جب کہ مڈل آرڈر میں سلمان علی آغا اور سعود شکیل شامل ہیں۔ آل راؤنڈر عامر جمال، فاسٹ بولرز حسن علی اور خرم شہزاد بھی اسکواڈ میں موجود ہیں۔
اسپن ڈپارٹمنٹ میں نعمان علی، ساجد خان، کامران غلام اور ابرار احمد کو جگہ دی گئی ہے، تاکہ جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز میں اسپنرز کا بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکے۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 12 اکتوبر سے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 20 سے 24 اکتوبر تک پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں ہو گا۔
اس سے قبل قومی ٹیم کا ٹریننگ کیمپ 30 ستمبر سے 8 اکتوبر تک لاہور میں لگایا جائے گا۔
پی سی بی کے مطابق ایشیا کپ کھیلنے والے کھلاڑی 4 اکتوبر کو اسکواڈ کو جوائن کریں گے، جبکہ پہلے ٹیسٹ سے قبل حتمی اسکواڈ مزید مختصر کر دیا جائے گا۔