ایشیا کپ 2025 کے فائنل میں شکست کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ ایکشن میں آگیا ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی کرکٹرز کے این او سی معطل کردیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے کھلاڑیوں کے غیر ملکی لیگز کے لیے این او سی معطل کردیے جس میں شاہین آفریدی، بابراعظم، فہیم اشرف سمیت دیگر کرکٹرز فیصلے سے متاثرہوں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے سی او او سمیر احمد نے این او سی معطل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بورڈ نے تمام ٹاپ کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی ہدایت کردی ہے۔
قومی کرکٹرز کے این او سی معطل کرنے کا فیصلہ ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی فائنل میں بھارت سے شکست کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے فائنل میں بھارت نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر نویں مرتبہ ایشیا کپ جیت لیا ہے۔
ایشیا کپ کی 41 سالہ تاریخ میں پہلی بار پاک بھارت فائنل دبئی میں کھیلا گیا، فائنل میں بھارت نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
پاکستان کی پوری ٹیم 146 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی، جواب میں بھارت نے ہدف آخری اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا تھا۔