عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ایمل ولی خان نے عید الفطر، روزوں کی طرح پوری مسلم دنیا کے ساتھ منانے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے تمام مسلمانوں کو عید کی دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مظلوم عوام کے لیے خصوصی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ایمل ولی خان کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک کی طرح عید بھی امت مسلمہ کے ساتھ مل کر منائی جائے گی۔ تاہم، انہوں نے موجودہ حالات کے پیش نظر عوام سے اپیل کی کہ وہ عید کو سادگی سے منائیں اور بڑے اجتماعات سے گریز کریں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو اپنی اور دوسروں کی جان کی حفاظت کو اولین ترجیح دینی چاہیے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہئیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس مرتبہ ولی باغ میں عید کے موقع پر ملاقات ممکن نہیں ہوگی۔
ایمل ولی خان نے عوام سے اپیل کی کہ وہ غرباء، ضرورت مندوں اور بے سہارا افراد کا خاص خیال رکھیں اور اپنی خوشیوں میں دوسروں کو بھی شامل کریں۔ انہوں نے کہا کہ وسائل کا ایک حصہ مستحق افراد کے لیے ضرور نکالیں تاکہ سب مل کر عید کی خوشیاں بانٹ سکیں۔
انہوں نے دعا کی کہ یہ عید ہر مظلوم سرزمین کے لیے امن اور خوشحالی لے کر آئے۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج۔۔۔
پاکستان میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی آج سر جوڑے گی۔ ماہرین فلکیات نے شوال کا چاند واضح نظرآنے کی امید ظاہر کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے ذرائع کے مطابق شوال کا چاند آج 3 بج کر 58 منٹ پر تشکیل پاگیا، اتوار کو مغرب کے وقت چاند کی عمر 26 گھنٹے سے زیادہ ہوگی، جس کے باعث عید الفطر 31 مارچ بروز پیر کو ہونے کا قوی امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق سورج اور چاند کے درمیان غروب کا فرق 69 سے 78 منٹ ہوگا، کراچی میں غروب شمس و قمر کا فرق 69 منٹ ہو گا۔
شوال کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل ہوگا۔ چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد اجلاس کی صدارت کریں گے۔
اجلاس کل شام 6 بجے وزارت مذہبی امور کوہسار بلاک کی چھت پر ہوگا۔ زونل اجلاس صوبائی دارالخلافوں میں بیک وقت منعقد ہوں گے۔