پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبہ بھر میں بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق آج رات سے 7 اکتوبر تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی ہے، بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے۔
راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاالدین، گجرات، گجرانوالہ، حافظ آباد اور وزیر آباد میں بارشوں کی پیشگوئی ہے جبکہ لاہور، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، میانوالی، خوشاب، سرگودھا، جھنگ، ننکانہ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی بارشیں ہوں گی۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 6 اکتوبر تک ڈیرہ غازی خان، بھکر، لیہ، ملتان، بہاولپور، بہاولنگر، راجن پور اور رحیم یار خان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی ہے۔
مری، گلیات اور راولپنڈی میں بارشوں کے باعث ندی نالوں کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے
پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبہ بھر کے کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کر دیا۔ لوکل گورنمنٹ، محکمہ زراعت، محکمہ آبپاشی، محکمہ صحت، محکمہ جنگلات، لائیو اسٹاک اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
شہریوں سے التماس ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں سے مکمل تعاون کریں جبکہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور پی ڈی ایم اے کی جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔ ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔