پاکستان ریلوے نے سیلاب سے ٹریک متاثر ہونے کے باعث پشاور اور راولپنڈی سے کراچی جانیوالی3 مسافرگاڑیوں کے متعدد اسٹاپ ختم کر کے ان کا روٹ بھی تبدیل کر دیا ہے،اس باعث ان تینوں گاڑیوں کے مسافروں میں ریکارڈ کمی ہوگئی۔
مسافروں کی بڑی تعداد نے عارضی طور معطل روٹس کی بک شدہ ٹکٹیں منسوخ کرانا شروع کر دی ہیں۔
پاکستان ریلوے نے ہزارہ ایکسپریس ،پاکستان ایکسپریس اور رحمان بابا ایکسپریس کے 14کے قریب اسٹیشن سٹاپ عارضی ختم کرکے ان کا روٹ ہی تبدیل کر دیا ہے اور ریلوے ٹریک کی مرمت شروع کر دی ہے،مرمتیں مکمل ہونے اور ٹریک کلئیر ہوتے ہی یہ اسٹاپ بحال کر دیے جائیں گے۔
جبکہ ریلوے ٹریک سیلاب سے شدید متاثر ہونے کی وجہ سے پشاور سے کراچی اور کراچی سے راولپنڈی و پشاور آنے والی تمام گاڑیاں 5 سے 6 گھنٹے تاخیر سے پہنچنے لگی ہیں۔
گاڑیوں کا دورانیہ بڑھنے سے بھی مسافروں کی بڑی تعداد ریل سفر چھوڑ کر بسوں میں شفٹ ہونے لگی ہے۔ پاکستان ریلوے کے مطابق خراب ٹریک اکتوبر کے آخر تک مکمل درست کر لیے جائیں گے ۔