ترجمان ایف آئی اے کے مطابق یہ کارروائی ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کی ہدایت پر اینٹی کرپشن سرکل کراچی کی ٹیم نے انجام دی۔
کارروائی کے دوران گرفتار افراد کی شناخت عبدالواسع اور دانیال خضر کے ناموں سے ہوئی ہے۔ دونوں ملزمان کو شاہراہِ فیصل اور ٹیپو سلطان روڈ کراچی سے حراست میں لیا گیا۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزمان غیر قانونی طریقے سے ملکی و غیر ملکی کرنسی کی منتقلی میں ملوث تھے اور حوالہ ہنڈی کے ذریعے رقم بیرون ملک بھجواتے تھے۔
چھاپے کے دوران ملزمان کے قبضے سے ایک کروڑ روپے نقدی برآمد کی گئی، جبکہ ان کے موبائل فونز اور دیگر شواہد بھی تحویل میں لے لیے گئے ہیں جن سے غیر قانونی لین دین سے متعلق اہم معلومات حاصل ہوئیں۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان برآمد شدہ رقم کے حوالے سے تسلی بخش وضاحت پیش نہ کر سکے، جس کے بعد ان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے اور مزید ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔