مورگاہ کے رہائشی 70 سالہ بزرگ ہنی ٹریپ کا شکار ہو کر کچے کے ڈاکوؤں کے ہتھے چڑھ گئے اور ڈاکوؤں نے بزرگ محمود بیگ کی ہتھکڑیوں میں جکڑی ویڈیو وٹس ایپ کے ذریعے ان کے گھروالوں کو بھجوا کر بھاری تاوان طلب کرلیا۔
راولپنڈی پولیس کے مطابق بزرگ شہری کو اغوا کرنے والے ڈاکوؤں نے ایک کروڑ روپے نقد، دو آئی فون اور دو گھڑیاں بطور تاوان طلب کی ہیں، ڈاکوؤں نے مغوی محمود بیگ کے بینک اکاؤنٹ سے تین لاکھ روپے بھی نکلوا لیے ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ مغوی کے بیٹے ماجد قریشی کی درخواست پر تھانہ مورگاہ میں مقدمہ درج ہوچکا ہے۔
مغوی کے بارے میں پولیس نے بتایا کہ بزرگ محمود بیگ کو 16 ستمبر کو راولپنڈی سے ملتان بلایا گیا اور پھر اغوا کرلیا گیا اور محمود بیگ اپنی موٹر سائیکل ملتان ریلوے اسٹیشن کے قریب دوست کے گھر میں کھڑی کر کے روانہ ہوئے تھے۔
پولیس نے بتایا کہ یکم اکتوبر کو ایف آئی آر درج کرنے کا فیصلہ کیا اور تفتیش کی جارہی ہے۔