بین الاقوامی شطرنج کے حال ہی میں ہونے والے چیک میٹ ٹورنامنٹ میں امریکی شطرنج چیمپئین ہیکارُو ناکامورا نے بھارت کے عالمی چیمپئین ڈی گُکیش کو اپنے شاندار کھیل سے شکست دے دی۔ میچ کے اختتام پر ناکامورا نے گکیش کی بساط سے ’بادشاہ‘ کو اٹھا کر تماشائیوں کی جانب پھینک دیا۔ ناکاموروکی اس حرکت نے سوشل میڈیا پر ہنگامہ کھڑا کردیا اور یہ واقعہ بھارتی شائقین کے لئے شدید غصے کا باعث بن گیا۔
چیک میٹ ٹورنامنٹ کا پہلا مرحلہ امریکا آہلنڈ میں ہوا جہاں امریکا نے بھارت کو پانچ میں سے پانچ میچز میں شکست دے کر اپنی بالادستی کا مظاہرہ کیا۔ اس دوران ناکامورا نے گکیش کے خلاف بے مثال کھیل پیش کیا اور بالآخر کامیابی حاصل کی۔ میچ ختم ہونے پر ناکامورا نے گکیش کا بادشاہ اٹھایا اور بڑے جوش و خروش سے اسے تماشائیوں میں پھینک دیا۔ گکیش بھی خود کچھ پریشان اور حیران دکھائی دیے۔
اس رویّے پر بھارتی شائقین چراغ پا ہوگئے اور ان کی طرف سے شدید تنقید کی گئی۔ اگرچہ یہ عمل اچانک اور بے ساختہ معلوم ہوا، لیکن بہت سے مداحوں نے اسے بے عزتی اور غیر ضروری حرکت قرار دیا۔

جب بھارتی شائقین نے ہیکارو ناکامورا پر تنقید شروع کی تو مقابلے میں شریک ایک اور کھلاڑی ’لیوی روزمین‘ نے وضاحت دی کہ یہ سب پہلے سے طے شدہ منصوبے کا حصہ تھا۔
ان کے مطابق، دونوں ٹیموں کو میچ سے قبل بتایا گیا تھا کہ شائقین کا جوش بڑھانے کے لیے ڈرامائی انداز، بادشاہ پھینکنے یا مہرے گرانے جیسے مظاہرے کی اجازت ہے۔ روزمین نے مزید کہا کہ ’بس بات یہ ہے کہ ہیکارو جیت گیا، اور بعد میں اُس نے بیک اسٹیج گوکیش سے بات کر کے وضاحت بھی کی کہ یہ سب شو کا حصہ تھا۔‘

اس کے ساتھ ہی کچھ نے تبصرہ کیا کہ گوکیش نے تحمل کا مظاہرہ کرکے اچھا کیا اور کسی ردِعمل کا اظہار نہیں کیا۔

ناکامورا نے بعد میں اس عمل کے بارے میں کہا کہ انہوں نے شروع سے ہی پلان بنا رکھا تھا کہ جیتنے کی صورت میں گوکیش پھینکیں گے، چونکہ یہ ڈرامائی ‘بلٹ’ گیم تھی، اس لیے وہ چاہتے تھے کہ فینز کو انجوائے کرایا جائے۔
شطرنج کی دنیا میں اس معاملے پر سوشل میڈیا پر تاحال بحث ایک تنازع کی شکل میں جاری ہے۔ ان مقابلوں کا دوسرا دور بھارت میں منعقد ہوگا دیکھتے ہیں وہاں کھیل کی دنیا میں کون کس کو شکست کی دنیا میں پھینکتا ہے، جلد ہی دونوں ٹیمیں دوبارہ مدِ مقابل ہوں گی۔