لوگ اس لیے منتخب نہیں کرتے کہ استعفے دیکر گھر چلے جائیں، قائمہ کمیٹی اجلاس میں پی ٹی آئی ارکان پر تنقید

0 minutes, 0 seconds Read
قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں پی ٹی آئی ارکان پر تنقید کرتے ہوئے سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ لوگ اس لیے منتخب نہیں کرتے کہ ہم استعفے دے کر گھر چلے جائیں۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مواصلات کا اجلاس سینیٹر پرویز رشید کی زیرصدارت ہوا، تاہم متعلقہ وزیر، سیکرٹری اور چیئرمین این ایچ اے اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔

اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر کامل علی آغا نے کہا کہ وزارت کا پارلیمنٹ کو غیر سنجیدہ لینے کا رویہ ختم کرنا ہو گا۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ کمیٹی اراکین کا متفقہ فیصلہ ہے کہ اجلاس منسوخ کر دیا جائے۔ اجلاس ذمے دار لوگوں کی غیر ذمے داری کے باعث ملتوی کیا جا رہا ہے۔ ہماری ذیلی کمیٹی تسلسل کے ساتھ ایسے رویے کا سامنا کر رہی ہے۔ کمیٹی حق رکھتی ہے کہ آئین اور قانون کے مطابق تمام اقدامات کرے۔

انہوں نے پی ٹی آئی اراکین کی جانب سے قائمہ کمیٹیوں سے استعفے دینے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹر سیف اللہ ابڑو  اب تک قائمہ کمیٹی کا حصہ ہیں، یہ لائق تحسین ہے۔ لوگ اس لیے منتخب نہیں کرتے کہ ہم استعفے دے کر گھر چلے جائیں۔

سینیٹر پرویز رشید کا کہنا تھا کہ سیف اللہ ابڑو نے استعفیٰ دینے کے بجائے قائمہ کمیٹی میں اپنا کردار جاری رکھا ہے۔ ابڑو صاحب کی پارلیمانی بالادستی اور جمہوریت کے لیے خدمات لائق تحسین ہیں۔

سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے اس موقع پر کہا کہ میں استعفیٰ دے دیتا تو این ایچ اے والے بری امام پر دیگیں چڑھاتے۔

Similar Posts