ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ: قومی کھلاڑیوں کے اسپرے کو سوشل میڈیا صارفین نے شغل بنا لیا

0 minutes, 0 seconds Read

سوشل میڈیا پر پاکستان اور بھارت ویمنز کرکٹ میچ کے دوران اور تاحال اسپرے کے حوالے سے سوشل میڈیا صارفین نے مزاحیہ تبصرے اور تصاویر کا طوفان کھڑا کردیا ہے۔

میچ کے دوران گراؤنڈ میں اسپرے کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئیں، جس کے بعد صارفین نے دلچسپ اور طنزیہ تبصروں کی بھرمار کر دی۔ ہر طرف پاکستان اور بھارت ویمنز ٹیم کے اسپرے کے معاملے کو لے کر ٹرولنگ اور مذاق کا سلسلہ شروع ہو گیا۔

ایکس پر ایک صارف نے لکھا، پاکستانی کھلاڑیوں نے انڈین کھلاڑیوں کے گراؤنڈ میں آنے سے پہلے ایئر فریشنر اسپرے کیا۔

ایک صارف نے ٹویٹ کیا کہ انڈیا کے خلاف میچ کے دوران، پاکستانی ٹیم نے بدبو کی وجہ سے خوشبو دار اسپرے استعمال کیا۔

ایک صارف کا ایکس پر طنزیہ پیغام تھا کہ بھارتی ٹیم کی اسمیل ایسی تھی کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے انہیں گراؤنڈ پر جانے سے پہلے اسپرے کرنا پڑا، اور ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہو یا مزاحیہ ٹرولنگ، بھارت ہمیشہ ہارا۔

میمز اور مزاحیہ تبصروں کا یہ طوفان تاحال جاری ہے، ایک صارف نے ٹویٹ لکھا کہ جنگجو پاکستانی خواتین کرکٹرز بھارتی حریفوں کے آتے ہی ایئر فریشینر اسپرے کر رہی تھیں۔

دوسری طرف، بھارتی صارفین بھی پیچھے نہیں رہے اورسوشل میڈیا پر اپنا حصہ ڈالا، ایک صارف نے ٹویٹ کی کہ ’بیٹنگ کے دوران، بھارتی ٹیم نے بدبو کی وجہ سے پاکستانی ویمنز ٹیم کے خلاف کھیلنے سے انکار کر دیا۔ امپائر مداخلت کے لیے آئے اور انتظامیہ نے پاکستانی کھلاڑیوں کو اچھا ڈیوڈورینٹ یا خوشبو دار اسپرے استعمال کرنے کا کہا۔‘

معاملہ سیاست ہو یا کھیل، بھارت اور پاکستان کے درمیان داؤ پیچ سوشل میڈیا پر تبصروں اور میمز کی شکل میں ہمیشہ جاری رہتی ہیں اور تھمنے کا نام نہیں لیتے۔ چاہے کھیل کے میدان میں ہو یا ورچوئل دنیا میں، دونوں طرف کے صارفین اپنی تخلیقی اور مزاحیہ انداز میں ایک دوسرے کو چیلنج کرتے رہتے ہیں۔

ویمنز کرکٹ میچ میں اسپرے کا واقعہ بھی اس سلسلے کی ایک تازہ مثال ہے جس نے شائقین کو نہ صرف ہنسایا بلکہ دونوں ٹیموں کے مابین دلچسپ طنز کو بھی زندہ رکھا۔

دراصل آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت ویمنز کے میچ کے دوران مچھروں کی بہتات نے کھلاڑیوں کو پریشان کردیا، بار بار میچ روکنا پڑا جب کہ پاکستان ویمنز ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا سمیت دیگر کھلاڑیوں کو گراؤنڈ میں اسپرے کرنا پڑا۔ گراؤنڈ میں مچھروں کی بھرمار اور کھلاڑیوں کی شکایت پر میچ کو کئی بار روک کر مچھروں کے خلاف اسپرے کروایا گیا۔

ویمنز ورلڈ کپ: پاک بھارت میچ کے دوران پاکستانی کھلاڑیوں کو اسپرے کیوں کرنا پڑا؟

پاکستانی کرکٹر نشرہ سندھو نے رومال سے مچھروں کو بھگانے کی کوشش کی لیکن مسئلہ حل نہ ہوا۔ پھر ریزرو کھلاڑی ایمان فاطمہ اسپرے کے ساتھ میدان میں آئیں اور کپتان فاطمہ ثنا نے خود بھی اسپرے کر کے ماحول کو بہتر بنانے کی کوشش کی۔ کچھ دیر روکنے کے بعد میچ دوبارہ شروع ہوا اور کھیل جاری رہا۔


AAJ News Whatsapp

کرکٹ کے اس کھیل کے ساتھ سوشل میڈیا کا کھیل بھی شروع ہوگیا اور اس میچ کی یہ صورتحال سوشل میڈیا پر خاصی ہنسی اور مزاح کا باعث بنی، تاہم اہم نکتہ یہ ہے کہ مزاق یا طنز میں بھی اخلاقی پہلو کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔ شرارتی جملے یا چبھتا ہوا طنز بلاشبہ ماحول کو گرماتا ہے اور سوشل میڈیا پر تبصرے ایک خوشگوار لہر کے ساتھ ہنسنے مسکرانے پر مجبور کر دیتے ہیں۔

Similar Posts