بیٹ زمین پر کیوں مارا؟ آئی سی سی نے سدرہ امین کی سرزنش کردی، ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی دے دیا

0 minutes, 0 seconds Read

بھارت اور سری لنکا میں کھیلے جارہے ویمنز ورلڈ کپ میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی اوپنر سدرہ امین کی سرزنش کی اور انہیں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دے دیا۔ قومی بیٹر نے آؤٹ ہونے پر غصے میں بیٹ کو زمین پر مارا تھا۔

بھارتی نشریاتی ادارے این ڈی ٹی وی کے مطابق پیر کے روز پاکستانی بیٹر سدرہ امین کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی لیول ون خلاف ورزی پر سرزنش کی گئی اور ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دیا گیا۔ یہ واقعہ ویمنز ورلڈ کپ کے پاک بھارت کے خلاف میچ کے دوران پیش آیا۔

آئی سی سی کے مطابق، سدرہ امین نے آرٹیکل 2.2 کی خلاف ورزی کی، جو کھلاڑیوں یا معاون عملے کی جانب سے کرکٹ کے سامان، کپڑوں یا گراؤنڈ کے آلات کو نقصان پہنچانے سے متعلق ہے۔ یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب پاکستان کی اننگز کے 40 ویں اوور میں سنیہ رانا نے انہیں آؤٹ کیا، جس پر انہوں نے غصے میں بیٹ زور سے پچ پر مارا۔

سدرہ امین نے 81 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور پاکستان کی جانب سے سب سے نمایاں کارکردگی دکھائی مگر ٹیم 247 رنز کے تعاقب میں 159 پر آل آؤٹ ہو گئی۔ کولمبو کے آر پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلا گیا یہ میچ بھارت نے 88 رنز سے جیتا۔

آئی سی سی کا کہنا ہے کہ یہ سدرہ امین کی گزشتہ 24 ماہ میں پہلی خلاف ورزی ہے اور اس بنا پر ایک ڈی میرٹ پوائنٹ ان کے ریکارڈ میں شامل کر دیا گیا ہے۔ سدرہ نے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے میچ ریفری شاندری فرٹز کی تجویز کردہ سزا قبول کر لی، جس کے بعد باضابطہ سماعت کی ضرورت پیش نہ آئی۔


AAJ News Whatsapp

الزامات فیلڈ امپائرز لورین ایجنباگ اور نیمالی پیریرا نے عائد کیے جب کہ تھرڈ امپائر کیرن کلاستے اور فورتھ امپائر کم کاٹن نے اس کی تصدیق کی۔

یاد رہے کہ آئی سی سی ضابطہ اخلاق کی لیول ون خلاف ورزی پر کم از کم سزا سرزنش جب کہ زیادہ سے زیادہ سزا کھلاڑی کی میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ اور ایک یا دو ڈی میرٹ پوائنٹس ہو سکتی ہے۔

Similar Posts