بھارتی میڈیا کے مطابق، پیر کی صبح چیف جسٹس بی آر گوائی نے جیسے ہی دن کا پہلا مقدمہ سننا شروع کیا، تو اچانک وکیل نے نعرے بازی شروع کردی اور غصے میں آکر اپنا جوتا ان کی جانب اچھال دیا۔
سکیورٹی اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو قابو میں کرلیا۔ پولیس کے مطابق، اس شخص کی شناخت راکیش کشور کے نام سے ہوئی ہے، جو دہلی کے علاقے مایور وہار کا رہائشی اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کا رجسٹرڈ رکن ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ واقعہ صبح 11:35 بجے کورٹ نمبر 1 میں پیش آیا، جب وکیل نے اچانک اپنا جوتا اتار کر چیف جسٹس کی طرف پھینک دیا۔ سکیورٹی فورس نے فوراً اسے پکڑ کر سپریم کورٹ سکیورٹی یونٹ کے حوالے کردیا۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق، وکیل چیف جسٹس کے حالیہ ریمارکس سے ناراض تھا، جو مدھیا پردیش کے کھاجوراہو مندر کیس کے دوران دیے گئے تھے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ چیف جسٹس بی آر گوائی نے اس واقعے پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا اور وکلا کو ہدایت دی کہ کارروائی معمول کے مطابق جاری رکھی جائے۔