ذرائع کے مطابق پاک-افغان اے ایف سی ایشین کپ کوالیفائر نو اکتوبر کو اسلام آباد میں شیڈول ہے تاہم ویزا مسائل کی وجہ سے غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اب تک صرف تین کھلاڑیوں اور 10 آفیشلز کو پاکستانی ویزے ملے ہیں، جو کابل کے سفارت خانے میں پیش ہوئے تھے۔ بیرون ملک مقیم کھلاڑیوں کو ابھی تک ویزے جاری نہیں ہوئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تاخیر کی وجہ افغانستان کی جانب سے دیر سے (27 ستمبر کو) ویزا درخواست دینا اور غلط بائیو میٹرکس/انٹرویو کے مقام کا انتخاب ہے۔
درخواستوں میں تاخیر اے ایف سی مقابلہ جات کے ضوابط کی بھی خلاف ورزی ہے، جو ٹیموں سے میزبان ملک کے ویزے کم از کم 30 دن پہلے حاصل کرنے کا تقاضا کرتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے اے ایف سی کو صورتحال سے آگاہ کر دیا ہے اور باقی افغان کھلاڑیوں کے لیے ویزا آن آرائیول کلیئرنس کا بندوبست کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
اگر مسئلہ برقرار رہا اور میچ نہ ہو سکا تو پی ایف ایف افغانستان کی غلطی کی بنیاد پر واک اوور کے لیے درخواست دینے کا ارادہ رکھتی ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اے ایف سی میچ کے دوبارہ شیڈولنگ کے آپشنز پر غور کر رہی ہے۔