میٹرک اور انٹر میں نئی گریڈنگ پالیسی سے جی پی اے خارج، 2026 سے اطلاق کا نوٹیفکیشن جاری

0 minutes, 4 seconds Read
ملک بھر کے تعلیمی بورڈز کے آفیشل یا سرکاری فورم آئی بی سی سی (انٹر بورڈ کوآرڈینیشن کمیشن) نے نئی گریڈنگ پالیسی کے اطلاق کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جو مرحلہ وار آئندہ برس 2026 سے میٹرک اور انٹر کے سالانہ امتحانات قابل عمل ہوگا تاہم نئی گریڈنگ پالیسی سے “جی پی اے اور سی جی پی اے” کو نکال دیا گیا ہے جو اس سے قبل نئی گریڈنگ پالیسی کا حصہ تھی۔

کراچی میں گزشتہ ماہ ملک بھر کے تمام تعلیمی بورڈز کے سربراہوں کے منعقدہ اجلاس میں کیا گیا اور فیصلے پر عمل درآمد کے سلسلے میں اب آئی بی سی سی نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کو آئی بی سی سی کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر غلام علی ملاح نے بتایا کہ “کراچی میں منعقدہ فورم کے اجلاس میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ ملک کی کئی جامعات فی الحال جی پی اے کی بنیاد پر یونیورسٹیز میں داخلہ دینے کے لیے تیار نہیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جامعات کا کہنا ہے کہ نئی گریڈنگ پالیسی میں فی الوقت گریڈ پوائنٹ ایوریج کو شامل نہ کیا جائے جبکہ اس رائے سے تعلیمی بورڈز بھی متفق تھے لہذا اب نئی گریڈنگ پالیسی سال 2026 سے جی پی اے کے بغیر نافذ ہوگی۔

واضح رہے کہ آئی بی سی سی کے تحت نئی گریڈنگ پالیسی کے اطلاق کے حوالے سے جاری نوٹیفکیشن میں بھی کہا گیا ہے کہ جی پی اے کا اطلاق ملک بھر کے تمام تعلیمی بورڈز کی جانب سے نئی گریڈنگ پالیسی کے اجراء تک روکا گیا ہے۔

مزید برآں ایسے طلبہ جو اب کسی پرچے میں 40 سے کم نمبر حاصل کریں گے انھیں “یو” گریڈ دیتے ہوئے ungraded کہا جائے گا جبکہ اس سے قبل “یو” گریڈ کو غیراطمینان بخش گریڈ کہا گیا تھا۔

یاد رہے کہ نئی پالیسی میں میٹرک اور انٹر میں تمام پرچوں کے پاسنگ مارکس 33 سے بڑھا کر 40 کیے گئے ہیں جبکہ اب کیمبرج کی طرز پر تمام مضامین کو علیحدہ علیحدہ گریڈ کیا جائے گا، اس وقت رائج پالیسی میں 80 فیصد سے 100 فیصد تک مارکس حاصل کرنے پر اے ون گریڈ دیا جاتا ہے۔

اب 81 سے 100 مارکس تک 4 مختلف گریڈز ہوں گے جس میں 96 سے 100 تک extra ordinary گریڈ یا اے ++ ، 91 سے 95 تک exceptional یا اے +گریڈ، 86 سے 90 تک outstanding یا  اے گریڈ اور 81 سے 85 تک excellent یا بی ++ گریڈ ہوگا۔

مزید گریڈز میں بی +، بی ، سی + ، سی ، ڈی اور یو گریڈ ہوں گے جنہیں بالترتیب very good , good , fair good, above average,  emerging, ungraded کا نام دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ 2026 میں یہ پالیسی ملک بھر میں نویں اور گیارھویں جبکہ 2027 میں دسویں اور بارھویں جماعتوں پر قابل اطلاق ہوگی۔

Similar Posts