کراچی میں واٹر ٹینکر کے اناڑی ڈرائیور نے 14 سالہ حافظ قرآن لڑکے کو کچل ڈالا

0 minutes, 0 seconds Read
شہر میں دنداناتے ہوئے واٹر ٹینکر کے اناڑی ڈرائیور نے ایک اور جان لے لی، متوفی کی عمر 14 سال جبکہ وہ حافظ قرآن تھا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کورنگی کے علاقے ضیا کالونی میں واٹرٹینکر چلانے والے اناڑی ڈرائیور نے 14 سالہ اسماعیل کو روند ڈالا جس کے نتیجے میں لڑکا موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

واقعے کے بعد پولیس اور ریسکیو رضاکار جائے وقوعہ پہنچے جہاں سے لاش کو ضابطے کی کارروائی کیلیے اسپتال منتقل کیا گیا۔

ایس ایچ او کورنگی عدیل افضال نے بتایا کہ کورنگی ضیا کالونی بیلچہ ہوٹل کے قریب واٹر ٹینکر پانی سپلائی کرنے جا رہا تھا کہ اس دوران گلی کا موڑ کاٹتے ہوئے ڈرائیور کو نوجوان دکھائی نہیں دیا اور وہ واٹر ٹینکر کے پہیوں تلے کچل کر جاں بحق ہوگیا۔

حادثے کے بعد ڈرائیور موقع سے ٹینکر سمیت فرار ہوگیا جس کی اطلاع  ملتے ہی پولیس نے سخت جدوجہد کے بعد ڈرائیور کا سراغ لگا کر اسے گرفتار کرلیا جس کی شناخت عبدالرحمٰن کے نام سے کی گئی۔

پولیس نے واٹر ٹینکر کو بھی اپنے قبضے میں لیکر تھانے منتقل کر دیا جبکہ لاش کو ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردیا۔

قریبی عزیز کے مطابق متوفی اسماعیل حافظ قرآن ، 2 بھائیوں اور ایک بہن میں سب سے بڑا اور آبائی تعلق پنجاب سے تھا۔ جس کی موت کی خبر اہل خانہ پر پہاڑ بن کر ٹوٹی۔

واقعے کے بعد علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد متاثرہ گھرانے سے تعزیت کیلیے جمع ہوئی جبکہ مکین شدید مشتعل بھی نظر آئے۔

Similar Posts