بھارتی میڈیا نے جاسوس کی تصویر کے بجائے ’وسیم اکرم‘ کی تصویر چلادی، سابق کرکٹر برس پڑے

0 minutes, 0 seconds Read

بھارت میں ’وسیم اکرم‘ نامی جاسوس پکڑا گیا، جس پر گودی میڈیا نے پاکستان کے سابق لیجنڈری فاسٹ بولر وسیم اکرم کی تصویر لگادی، سابق پاکستانی کپتان نے گودی میڈیا پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں کوئی میرے نام کا جاسوس پکڑا گیا ٹی وی پر میری تصویر چلا دی، کسی نے دوبارہ تصدیق کرنے کی زحمت بھی نہیں کی، کون ہیں یہ لوگ؟ کہاں سے آئے ہیں یہ لوگ، بلاوجہ جان عذاب میں نہ ڈالیں، پہلے چیک کرلیں۔

فری پریس جنرل کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے گودی میڈیا اور سوشل میڈیا صارفین کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے، جنہوں نے بغیر تصدیق کے انہیں ہریانہ میں گرفتار جاسوس سمجھ لیا چوں کہ گرفتار جاسوس کا نام بھی وسیم اکرم تھا۔

یہ واقعہ 2 اکتوبر کو سامنے آیا، جب ایک یوٹیوبر جس کا نام بھی وسیم اکرم تھا، پاکستان کی انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) اور اس کے ہائی کمیشن کے لیے جاسوسی کے الزام میں گرفتار ہوا۔ پولیس کے مطابق وہ تین سال تک پاکستانی ایجنٹس کے رابطے میں رہا اور مبینہ طور پر انہیں سم کارڈز فراہم کرنے میں مدد کرتا رہا۔

سوشل میڈیا ایکس پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں 59 سالہ وسیم اکرم نے کہا کہ “آپ لوگ آج کل سوشل میڈیا پر ہیں، ایک مفت نصیحت دے رہا ہوں حالانکہ عموماً نہیں دیتا، نصیحت یہ ہے کہ ہر کوئی وسیم اکرم، چاہے انسٹاگرام پر ان کے فالوورز کتنے بھی ہوں، اگر آپ اتنے ہوشیار ہیں تو پہلے ڈبل چیک کریں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں ایک جاسوس پکڑا گیا ہے جس کا نام وسیم اکرم ہے اور نیوز چینلز میری تصویر لگا رہے ہیں کوئی چیک نہیں، کوئی بیلنس نہیں، الٹے سیدھے کمنٹس کر رہے ہیں۔ کون لوگ ہیں، کہاں سے آئے ہیں، کمنٹ پر کمنٹ، بلاوجہ اپنی جان عذاب میں نہ ڈالیں، پہلے چیک کرلیں۔

وسیم اکرم نے اپنی پوسٹ میں اپنے آفیشل انسٹاگرام، فیس بک اور ایکس اکاؤنٹ بھی شیئر کیے۔


AAJ News Whatsapp

واضح رہے کہ اس سے قبل بھارتی سورما پاکستانی جھنڈوں کے غباروں سے خوفزدہ ہوگئے تھے، مقبوضہ کشمیر میں سبز ہلالی پرچم والے غبارے کو تحویل میں لے لیا تھا۔

بھارتی میڈیا نے غبارے کو پکڑنے کی خبریں بڑھا چڑھا کر پیش کی تھیں۔ پاکستان دشمنی میں مودی سرکار نے پرندوں کو بھی نہیں بخشا تھا اور معصوم کبوتر کو پاکستانی جاسوس قرار دے کر اس کے پر کاٹ ڈالے تھے، بھارتی حکام نے انتہائی بھونڈا موقف اپنایا تھا کہ جاسوسی کے بعد پاکستان واپس جانے سے روکنے کے لئے کبوتر کے “پر “کترے۔

گذشتہ سال بھارتی پولیس نے ایک بار پھر مضحکہ خیز کارنامہ انجام دیتے ہوئے کھیتوں سے ملنے والے کھلونا غباروں کو پاکستانی جاسوس قرار دیا تھا۔

Similar Posts