مسئلہ فلسطین پر پاکستان کا غلط اقدام تنازع کشمیر کے لیے خطرناک ثابت ہوگا، جماعت اسلامی

0 minutes, 0 seconds Read
نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ مسئلہ فلسطین پر پاکستان کا غلط اقدام تنازع کشمیر کے لیے خطرناک ثابت ہوگا۔

اپنے بیان میں لیاقت بلوچ نے وزیراعظم شہباز شریف پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے ٹرمپ امن منصوبہ تسلیم کر کے جنرل مشرف والی غلطی دہرائی ہے۔

لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ مسئلہ فلسطین پر پاکستان کا غلط اقدام تنازعِ کشمیر کے لیے مہلک ثابت ہوگا اور اس کے اثرات مستقبل میں ملکی خارجہ پالیسی پر گہرے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین کے معاملے پر امت مسلمہ کو متحد ہو کر آواز بلند کرنی چاہیے، مگر افسوس کہ موجودہ حکومت نے قومی مؤقف کو کمزور کیا ہے۔ لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ سینیٹر مشتاق احمد خان کی بخیریت واپسی پورے ملک کے لیے اطمینان کا لمحہ ہے اور ان کی استقامت ہر کارکن کے لیے مثال ہے۔

نائب امیر جماعت اسلامی نے ن لیگ اور پیپلز پارٹی سے  متعلق اپنے بیان میں کہا کہ دونوں جماعتوں کی نورا کشتی صرف دکھاوا ہے، دراصل ان کے مفادات ایک ہیں۔ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے لیے اقتدار چھوڑنا ممکن نہیں کیونکہ وہ عوامی خدمت کے بجائے ذاتی مفادات کے تحفظ کے لیے سیاست کر رہی ہیں۔

لیاقت بلوچ نے بتایا کہ ملی یکجہتی کونسل کے زیر اہتمام قومی فلسطین سیمینار 9 اکتوبر کو لاہور میں منعقد کیا جائے گا، جس میں مختلف مذہبی و سیاسی جماعتوں کے رہنما شرکت کریں گے۔

Similar Posts