تفصیلات کے مطابق بدھ کو نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں پہلے بیٹنگ کی دعوت پرکانکررز کی ٹیم 4 وکٹوں پر91 رنز ہی بنا سکی، کپتان سمیعہ افسر 32 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں،نرجس بی بی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں اسٹرائیکرز نے آسان ہدف6 وکٹیں گنوا کر 16.5 میں حاصل کرلیا۔چار کھلاڑی رن آؤٹ ہوئیں، پلیئر آف دی فائنل کپتان ذوفشاں ایاز نے30 اور اقصٰی حبیب نے 24رنز بنائے،اسٹرائکرز کی کپتان نے وننگ ٹرافی کے ساتھ ساڑھے سات لاکھ روپے کا انعام بھی حاصل کیا۔
رنر اپ ٹیم کی کپتان سمعیہ افسر نے پانچ لاکھ روپے کا انعام وصول کیا۔سمیعہ افسر نے 8میچز میں 122.07 کے اسٹرائیک ریٹ سے 271 رنز بناکر ایونٹ کی بہترین بیٹر کا ایوارڈ بھی حاصل کیا۔
فاتح ٹیم کی نرجس بی بی 7 میچزمیں 11 وکٹیں حاصل کر کے ایونٹ کی بہترین بولر رہیں۔فاتح ٹیم کی اقصیٰ حبیب پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار پائیں۔کومل خان نے ٹورنامنٹ کی بہترین وکٹ کیپر کا ایوارڈ حاصل کیا۔
تقریب تقسیم انعامات میں سندھ حکومت کے سیکریٹری اسپورٹس منور علی مہسیر اور پی سی بی ویمن ونگ کی چیئر پرسن رافعہ حیدر نے انعامات تقسیم کیے۔
اس موقع پر پی سی بی ویمن سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین اسد شفیق اور سلیکٹر سیدہ بتول فاطمہ و دیگر بھی موجود تھے۔