بھارتی پنجاب کے معروف گلوکار اور اداکار راجویر جاوندا ٹریفک حادثے میں شدید زخمی ہونے کے بعد انتقال کر گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 35 سالہ راجویر 27 ستمبر کو موٹر سائیکل پر شملہ جا رہے تھے جب بادی کے علاقے میں سڑک پر اچانک مویشی آنے کے باعث ان کی موٹر سائیکل بے قابو ہو گئی۔ اس حادثے میں انہیں سر اور ریڑھ کی ہڈی پر شدید چوٹیں آئیں اور وہ بے ہوش حالت میں اسپتال منتقل کیے گئے۔
اسپتال حکام کے مطابق راجویر کو حادثے کے بعد موہالی کے ایک نجی اسپتال میں انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں رکھا گیا، جہاں وہ گیارہ روز تک وینٹی لیٹر پر زیرِ علاج رہے تاہم طبی عملے کی تمام تر کوششوں کے باوجود وہ جانبر نہ ہوسکے۔
اداکار و گلوکار راجویر جاوندا کے اچانک انتقال کی خبر سے مداحوں اور شوبز انڈسٹری میں صدمے کی لہر دوڑ گئی ہے۔