جنوبی افریقا کو بڑا دھچکا: اہم کھلاڑی انجری کے باعث پاکستان کے خلاف سیریز سے باہر

0 minutes, 0 seconds Read

جنوبی افریقا کے نوجوان فاسٹ بولر کوینا مافاکا پاکستان کے خلاف ٹی 20 اور ون ڈے سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔

کرکٹ کی مشہور ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق جنوبی افریقا سے تعلق رکھنے والے فاسٹ بولر کوینا مافاکا ہیمسٹرنگ انجری کے باعث نمیبیا کے خلاف واحد ٹی 20 میچ اور پاکستان کے خلاف وائٹ بال سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔

کرکٹ جنوبی افریقا کے مطابق مافاکا کو گزشتہ ہفتے نیولینڈز میں لائنز کی جانب سے ویسٹرن پروونس کے خلاف چار روزہ میچ کے دوران انجری ہوئی تھی۔ انہوں نے پہلی اننگز میں 5.5 اوورز کرانے کے بعد ہیمسٹرنگ میں تکلیف کے باعث میدان چھوڑ دیا تھا۔

ابتدائی اسکین میں اگرچہ کوئی سنگین مسئلہ ظاہر نہیں ہوا تھا اور وہ دوسری اننگز میں دوبارہ بولنگ کے لیے میدان میں اترے اور شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 10 اوورز میں 26 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں، جس سے لائنز نے ایک اننگز اور 134 رنز سے کامیابی حاصل کی۔

لیکن بعد میں مزید میڈیکل ٹیسٹ میں انکشاف ہوا کہ مافاکا کو گریڈ 1 سے 2 درجے کی ہیمسٹرنگ انجری ہے اور وہ کم از کم چار ہفتے بحالی کے عمل سے گزریں گے۔

مافاکا کی جگہ اوٹنیل بارٹمین کو 11 اکتوبر کو نمیبیا کے خلاف واحد ٹی 20 میچ اور پاکستان کے خلاف تین ٹی 20 میچوں کی سیریز کے لیے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔


AAJ News Whatsapp

کرکٹ جنوبی افریقا کے مطابق لیزاد ولیمز جو پہلے ہی ٹی 20 اسکواڈ کا حصہ ہیں، انہیں پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے بھی موقع دیا گیا ہے۔

جنوبی افریقا کا طویل دورہ پاکستان 12 اکتوبر سے دو ٹیسٹ میچوں سے شروع ہوگا، جس کے بعد 3 ٹی ٹوئنٹی میچز 28 اکتوبر سے شروع ہوں گے جب کہ 3 ون ڈے میچوں کی سیریز 8 نومبر تک جاری رہے گی۔

جنوبی افریقا کا نمیبیا کے خلاف ٹی 20 اسکواڈ

نمیبیا کے خلاف جنوبی افریقی ٹی 20 ٹیم میں ڈونوان فریرا (کپتان)، ناندری برگر، جیرالڈ کوٹزی، کوئنٹن ڈی کاک، بیورن فورٹین، ریزا ہینڈرکس، روبن ہرمن، ریوالڈو مونسا می، نکابا پیٹر، لوہان-دری پریٹوریئس، اینڈائل سیمیلانے، جیسن اسمتھ، لیزاد ولیمز، اوٹنیل بارٹمین شامل ہیں۔

جنوبی افریقا کا پاکستان کے خلاف ٹی 20 اسکواڈ

پاکستان کے خلاف جنوبی افریقی ٹی 20 ٹیم میں ڈیوڈ ملر (کپتان)، کوربن بوش، ڈیوالڈ بریوس، ناندری برگر، جیرالڈ کوٹزی، کوئنٹن ڈی کاک، ڈونوان فریرا، ریزا ہینڈرکس، جارج لنڈے، لنگی اینگیڈی، نکابا پیٹر، لوہان-دری پریٹوریئس، اینڈائل سیمیلانے، لیزاد ولیمز اور اوٹنیل بارٹمین شامل ہیں۔

جنوبی افریقا کا پاکستان کے خلاف ون ڈے اسکواڈ

پاکستان کے خلاف جنوبی افریقی ون ڈے ٹیم میں میٹیو بریٹزکے (کپتان)، کوربن بوش، ڈیوالڈ بریوس، ناندری برگر، جیرالڈ کوٹزی، کوئنٹن ڈی کاک، ٹونی ڈی زورزی، ڈونوان فریرا، بیورن فورٹین، جارج لنڈے، لیزاد ولیمز، لنگی اینگیڈی، نکابا پیٹر، لوہان-دری پریٹوریئس، سینیتھمبا قیشیلے شامل ہیں۔

Similar Posts