انڈر ورلڈ گینگ کی بھارتی کرکٹر کو جان سے مارنے کی دھمکی: بھارتی میڈیا کا دعویٰ

0 minutes, 0 seconds Read

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے ابھرتے ہوئے اسٹار بلے باز رنکو سنگھ کو انڈر ورلڈ گینگ کی جانب سے جان سے مارنے اور تاوان کی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ممبئی کرائم برانچ نے انکشاف کیا ہے کہ بدنام زمانہ داؤد ابراہیم گینگ (ڈی کمپنی) نے فروری سے اپریل 2025 کے دوران رنکو سنگھ کی پروموشنل ٹیم کو تین بار تاوان کی دھمکی آمیز کالز کیں، جن میں 5 کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا گیا۔

بھارتی نشریاتی ادارے TV9 کے مطابق پولیس نے اس کیس کے سلسلے میں 2 مشتبہ افراد محمد دلشاد اور محمد نوید کو حراست میں لے لیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ دونوں کو ویسٹ انڈیز سے گرفتار کر کے یکم اگست کو بھارتی حکام کے حوالے کیا گیا۔ یہ دونوں افراد اس سے قبل سابق ایم ایل اے بابا صدیقی کے بیٹے ذیشان صدیقی سے 10 کروڑ روپے تاوان مانگنے کے الزام میں بھی گرفتار ہو چکے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق تفتیش کے دوران ایک ملزم نے مبینہ طور پر اعتراف کیا کہ اس نے رنکو سنگھ سے تاوان مانگنے کے لیے رابطہ کیا تھا۔

رنکو سنگھ جن کا تعلق اتر پردیش کے شہر علی گڑھ سے ہے، انہوں نے محدود وسائل میں رہتے ہوئے اپنی کرکٹ سے شہرت حاصل کی تاہم اب ان کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کے ساتھ سیکیورٹی خدشات بھی بڑھ گئے ہیں جب کہ حال ہی میں ان کی ایم پی پریا سروج سے منگنی ہوئی ہے۔


AAJ News Whatsapp

واضح رہے کہ رِنکو سنگھ نے بھارت کی جانب سے اپنا ڈیبیو 18 اگست 2023 کو آئرلینڈ کے خلاف کیا تھا، وہ اب تک بھارت کی جانب سے 2 ون ڈے اور 34 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیل چکے ہیں، ون ڈے میں انہوں نے 55 اور ٹی 20 میں 550 رنز بنائے ہیں۔

انڈین پریمئر لیگ (آئی پی ایل) میں وہ کولکتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) کی نمائندگی کرتے ہیں، جہاں وہ 59 میچز میں 1,099 رنز بنا چکے ہیں، وہ 2024 میں کے کے آر کی چیمپئن ٹیم کا بھی حصہ تھے۔

رنکو سنگھ نے حال ہی میں ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان کے خلاف بھارت کی فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا، جو ان کا ٹورنامنٹ میں پہلا میچ تھا۔ اگرچہ میچ کے نمایاں کھلاڑی تلک ورما تھے، جنہوں نے 69 ناقابلِ شکست رنز بنائے تاہم رنکو سنگھ کی فیصلہ کن باؤنڈری نے بھارت کی جیت کو یقینی بنایا۔

Similar Posts