لوگ کہتے تھےغزہ امن معاہدہ نہیں ہوپائےگا، ہم نے یہ کردکھایا، ٹرمپ

0 minutes, 0 seconds Read

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بڑا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا نے غزہ کی جنگ ختم کرادی ہے اور مشرق وسطیٰ میں تاریخی امن معاہدہ طے پا چکا ہے۔

صدر ٹرمپ نے کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ”ہم پیر یا منگل تک تمام اسرائیلی قیدیوں کی رہائی یقینی بنا دیں گے، اور میں خود مصر جا رہا ہوں جہاں جنگ بندی معاہدے پر باضابطہ دستخط ہوں گے۔“

امریکی صدر نے کہا ہے کہ ایران پر حملہ غزہ تنازع کو ختم کرنے کے لیے اہم تھا ہم غزہ میں جنگ کے خاتمے اور دیرپا امن کے لیے کامیاب ہو گئے۔

مسلم ممالک نے کلیدی کردار ادا کیا

ڈونلڈ ٹرمپ نے امن معاہدے میں مسلم ممالک کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ”قطر، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، ترکیہ، مصر اور انڈونیشیا نے امن کی راہ ہموار کی۔ لوگوں کا خیال تھا کہ غزہ میں امن ممکن نہیں، لیکن ہم نے یہ کر دکھایا۔“


AAJ News Whatsapp

صدر نے کہا کہ یہ ایک پیچیدہ مرحلہ تھا اور کئی رکاوٹیں تھیں، لیکن تمام فریقین کے تعاون سے ممکن ہو سکا۔

# ”ایران پر حملہ ضروری تھا“، ٹرمپ کا اعتراف

امریکی صدر نے اپنے خطاب میں انکشاف کیا کہ غزہ معاہدے تک پہنچنے کے لیے ایران پر حملہ کرنا ناگزیر ہو چکا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ”ایران اب امن چاہتا ہے، جو ایک مثبت پیش رفت ہے۔ ہم ایران کے ساتھ مل کر خطے میں امن قائم رکھنے کیلئے کام کریں گے۔“

انہوں نے کہا کہ ایران کے حالیہ اقدامات قابلِ تعریف ہیں اور اب وہ بھی امن عمل کا حصہ بننے کو تیار ہے۔

صدر ٹرمپ کے مطابق جنگ بندی کے بعد اگلا ہدف غزہ کی تعمیر نو ہے، جس میں کئی ممالک شریک ہوں گے۔

انہوں نے اعلان کیا ”ہم صرف جنگ نہیں روک رہے، بلکہ ایک نئے مستقبل کی بنیاد رکھ رہے ہیں۔ غزہ کی تعمیر نو کی نگرانی عالمی سطح پر ہوگی۔“

پس پردہ سفارتکاری: اردوان، حماس اور قطر کا اہم کردار

ٹرمپ نے ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ”اردوان نے حماس سے براہِ راست بات چیت کی، جس نے امن معاہدے میں مدد دی۔“

اسی طرح انہوں نے قطر، مصر اور ترکیہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

70 ہزار ہلاکتوں پا افسوس کا اظہار

صدر نے غزہ میں ہونے والی ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ”70 ہزار افراد کی جانیں گئیں، جو ایک بڑی انسانی قیمت ہے۔ ہم ان سب کے لیے تعزیت کرتے ہیں۔“

امریکہ کی کامیابی، آٹھویں جنگ بھی رک گئی

ٹرمپ نے کابینہ کے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا ”ہم نے پہلے سات جنگیں روکی تھیں، یہ آٹھویں تھی… اور ہم نے اسے بھی روک دیا۔ امریکی عوام کو اس پر فخر ہونا چاہیے کہ ان کی حکومت نے امن کے قیام میں مرکزی کردار ادا کیا۔“

”ہم نے مشرق وسطیٰ میں امن قائم کردیا ہے“، ٹرمپ

صدر ٹرمپ نے اپنی تقریر کے اختتام پر کہا، ”ہم نے مشرق وسطیٰ میں امن قائم کر دیا ہے۔ امید کرتے ہیں کہ یہ امن ہمیشہ قائم رہے گا۔“

Similar Posts