اسرائیلی میڈیا کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں فوجیوں کو کیمپ خالی کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جنگ بندی اور یرغمالیوں کے تبادلے سے متعلق مجوزہ معاہدے کا اعلان کیا گیا، جس کے چند گھنٹوں بعد ہی اسرائیلی فوج نے غزہ کے کچھ علاقوں سے واپسی کا آغاز کر دیا۔
ابتدائی مرحلے میں اسرائیلی افواج کی لاجسٹک یونٹس کو غزہ شہر کے مضافات سے واپس بلایا گیا ہے۔
یہ وہی یونٹس ہیں جو گزشتہ کئی ہفتوں سے جاری زمینی کارروائیوں کا حصہ تھیں، فوجی حکام کے مطابق اگلے مرحلے میں کامبیٹ یونٹس کو بھی مرحلہ وار نکالا جائے گا۔
ادھر اسرائیلی میڈیا نے اندرونی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ آئندہ چند دنوں میں حماس ایک بار پھر غزہ کے بڑے شہری علاقوں کا انتظامی کنٹرول سنبھال سکتی ہے جس سے خطے میں سیاسی و عسکری صورتحال ایک نئے موڑ پر جا سکتی ہے۔