پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10 ویں سیزن کے لیے انعامی رقم کا اعلان کر دیا۔
پی سی بی کے مطابق ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 کا فائنل جیتنے والی ٹیم کو ٹرافی کے ساتھ 5 لاکھ امریکی ڈالر (تقریباً ساڑھے 14 کروڑ روپے) کی انعامی رقم ملے گی جبکہ رنز اپ ٹیم کو 2 لاکھ امریکی ڈالر (تقریباً 5 کروڑ 61 لاکھ روپے) ملیں گے ۔
پی ایس ایل 10 شاندار افتتاحی تقریب کے ساتھ کل شروع ہوگا، پہلا میچ دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور دو بار کی چیمپئن لاہور قلندرز کے مابین کھیلا جائے گا۔
34 میچوں پر مشتمل یہ ٹورنامنٹ 6 ٹیموں کے درمیان 18 مئی تک جاری رہے گا۔ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں 13 میچز ہوں گے، جن میں دونوں ایلیمینیٹرز اور فائنل شامل ہیں۔
چھ ٹیموں کے ٹورنامنٹ میں 11 اپریل سے 18 مئی تک 34 میچز کھیلے جائیں گے، لاہور کا قذافی اسٹیڈیم 13 میچز کی میزبانی کرے گا جن میں دو ایلیمنیٹر اور فائنل بھی شامل ہے۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم 11 میچز کی میزبانی کرے گا، جن میں 13 مئی کو پہلا کوالیفائر بھی شامل ہے جبکہ کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم اور ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں 5، 5 میچز کھیلیں جائیں گے جبکہ ٹورنامنٹ میں 3 ڈبل ہیڈرز (ایک دن میں 2 میچز) بھی شامل ہوں گے۔
بابر اعظم، شاداب خان، محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی بالترتیب گزشتہ سال کی طرح پشاور زلمی، اسلام آباد یونائیٹڈ، ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کی قیادت کرتے رہیں گے جبکہ کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نئے کپتانوں ڈیوڈ وارنر اور سعود شکیل کی قیادت میں میدان میں اتریں گے۔
گزشتہ سیزن 2024 میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے تیسری بار ٹائٹل اپنے نام کیا تھا جبکہ ملتان سلطانز لگاتار تیسری بار رنر اپ رہی تھی۔